کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلاول اور یوسف گیلانی کا ٹیلی فونک رابطہ، سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال،چیئرمین پیپلز پارٹی سے نوید قمر کی بھی ملاقات، مجموعی سیاسی صورتحال اور معاشی حالات پر گفتگو کی۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنمائوں نےملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سینیٹ الیکشن خصوصاً یوسف رضا گیلانی کے اسلام آباد سے سینیٹ میں حصہ لینے کے متعلق سیاسی حکمت عملی پر غور وخوض کیا گیا، یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ جمہوریت اور جمہوری قوتوں کا امیدوار ہوں، امید ہے کہ سینیٹ انتخابات میں جمہوریت پسند تمام ارکانِ قومی اسمبلی مجھے ووٹ دیں گے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی، اس دوران قانون سازی کے عمل میں پارٹی کی کارکردگی اور پارلیمنٹ کی کارروائی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، بلاول ہائوس ذرائع کے مطابق سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے غیر جمہوری قانون سازی کو منظور کرانے کے لئے رولز آف پروسیجر کو بلڈوز کرنے کی کوششوں کے خلاف چٹان کی طرح کھڑی ہے۔