ملتان (سٹاف رپورٹر) شہر اولیاء میں بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ میں شرکت کے لئے بیرون ملک سے آنیوالے وفود کی میزبانی کے انتظامات اپنے جوبن پر پہنچ گئے ہیں۔مہمانوں کو ملتان کی ثقافت،قدامت اور تاریخی ورثہ سے متعارف کرانے کے انتظامات اور قلعہ کہنہ قاسم باغ پر واقع تاریخی دمدمہ کی تزئین و آرائش مکمل کرلی گئی ہے ۔تاریخی مقامات کے پورٹریٹس کو دلکش فریموں میں ڈھال کر آرٹ گیلری کی زینت بنادیا گیا ہے۔شیشے سے تیارکردہ نئے باکس میں بلیوپاٹری کے شاہکار سجا دیےگئے ہیں۔دمدے کی چھت پر سرخی مائل ٹائلیں نصب اوردمدمہ کی بیرونی دیواروں کی بھی تزئین و آرائش کر دی گئی ہے۔مختلف وفود دمدمے سے پانچ ہزار برس سے آباد چلے آنیوالے شہر کا نظارہ کریں گے۔مہمانوں کو قدیم شہر ملتان کی تاریخ بارے آگاہ کیا جائے گا اور ملتان میں مدفن اولیاء کرام کے بارے بھی بریفنگ دی جائے گی۔ محکمہ سمال انڈسٹریز بلیو پاٹری اور دیگر ثقافتی اشیاء کی نمائش سجائے گا جبکہ صنعت زار کو ملتانی پارچہ جات کی نمائش کا ٹاسک دیدیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید نے سی ای او میٹروپولٹن کارپوریشن اقبال فرید کے ہمراہ دم دمے کا دورہ کیا اور اس کی تزئین و آرائش پر اطمینان کا اظہار کیا۔