آپ آف لائن ہیں
اتوار5؍رمضان المبارک 1442ھ 18؍اپریل2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

لاپتہ افراد کے لواحقین کو بتایا جائے انکے پیارے کہاں ہیں، مریم نواز

لاپتہ افراد کے لواحقین کو بتایا جائے انکے پیارے کہاں ہیں، مریم نواز


اسلام آباد (جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو بتایا جائے کہ ان کے پیارے کہاں ہیں ، ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے اور شہریوں کو تحفظ دینا اس کا فرض ہے ،عمران خان یہ بیان دینا چھوڑ دیں کہ میں لاشوں سے بلیک نہیں ہوسکتا، اگرآپ سلیکٹڈ بھی ہیں پھر بھی آپ کا اتنا فرض تو بنتا ہے کہ عوام کا خیال رکھیں، وزیراعظم یہاں آئیں اور لوگوں سے بات کریں۔ اسلام آباد میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اقتدار سے پہلے بڑے بڑے بیانات دیئےجاتے ہیں، لیکن اقتدار ملتے ہی انسان کی ترجیحات بدل جاتی ہیں، اور مجبوریاں بھی سامنے آجاتی ہیں، لیکن میرا اتنا سا سوال ہے کہ کیا حکمرانوں کی مجبوریاں فرض سے بڑی ہوتی ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے اور شہریوں کو تحفظ دینا ریاست کا فرض ہے، اگر آپ سلیکٹڈ بھی ہیں پھر بھی آپ کا اتنا فرض تو بنتا ہے کہ یہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو بتا دیں کہ ان کے پیارے کہاں ہیں، لاپتہ افراد کے بچوں کو پتہ نہیں وہ یتیم ہیں یا ان کے والد حیات ہیں، وزیراعظم آفس اس جگہ سے صرف 5منٹ کی مسافت پر ہے، اور یہ لوگ ایک ہفتے سے سردی میں بے سرو سامان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، حکمران روزمحشرکویاد رکھیں، آپ نے پروردگار کو جواب دینا ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان آئیں ان کی فریادسنیں، ان کے لوگوں کے مقدمے عدالتوں میں لے جائیں، اپنے لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جاسکتا، مظلوم کاکوئی صوبہ نہیں، وزیراعظم اپنے وزرا کو ان کے زخموں پرنمک چھڑکنے سے روکیں، اگر یہ بھی نہیں کرسکتے تو یہ بیان دینا چھوڑ دیں کہ میں لاشوں سے بلیک نہیں ہوسکتا، یہ لوگ زندہ لاشیں ضرور ہیں لیکن ان میں جان باقی ہے۔

اہم خبریں سے مزید