• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن، کاغذات کی جانچ پڑتال، یوسف رضا گیلانی کی اہلیت کا فیصلہ آج

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ امید واروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام آج مکمل ہو جائیگا اور اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں الیکشن کمیشن کے نامزد ریٹرننگ افسروں نے امید واروں، انکے تجویز اور تائید کنندگان کی موجودگی میں کاغذات کی اسکروٹنی کی، اسکروٹنی کے وقت نیب، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے امیدواروں کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں، امید واروں کو پارٹی ٹکٹ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی، 177سینیٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ اسلام آباد سے پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد اور حفیظ شیخ کے کاغذات منظور کر لئے گئے۔ جنید اکبر نے فوزیہ ارشد کو تجویز کنول شوزب نے تائید کی، فوزیہ ارشد کے کاغذات نامزدگی پر کسی نے اعتراض نہ کیا۔ اسلام آباد سے جنرل نشست پر تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کا ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع ہوا۔ تحریک انصاف کی امیدوار زرقا تیمور کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا، خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی پلوشہ خان، سینیٹ کی عمومی نشست پر شیری رحمٰن، صادق میمن اور دوست علی جیسر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلئے گئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی 11 نشستوں پر 29 امیدوار سامنے آئے۔ سندھ کی 11 نشستوں پر 39 امیدواروں نے خیبر پختونخواہ کی 12 نشستوں پر 51 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر 41 امیدوارں کے کاغذات نامزد گی کی جانچ پڑتال ہو رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے امید وار یوسف رضا گیلانی سینٹ الیکشن لڑ سکیں گے یا نہیں۔ الیکشن کمیشن فیصلہ آج (جمعرات کو ) سنائے گا، بدھ کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ یوسف رضا گیلانی سزا یافتہ ہیں اور انہوں نے کاغذات میں سزا کا ذکر نہیں کیا سزا کو ڈیکلیر کرنا ضروری تھا۔

تازہ ترین