• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحفظات پر گوادر میں باڑ لگانے کامنصوبہ روک دیا، سیکرٹری دفاع

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )سیکرٹری دفاع نے بتایا ہے کہ تحفظات پرگوادر میں باڑ لگانے کا منصوبہ روک دیا ہے،حکومت نے کمیٹی بنائی ہے ،مفاہمت ہونے پر تیزی سے کام مکمل کرینگے ، سی پیک پارلیمانی کمیٹی نے نیوگوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کی سست روی سے تعمیر پر عدم اطمینان کا اظہار کیاہے ، کمیٹی نے ائیر پورٹ کی تیزی سے تعمیر کے لیے معاملہ کو اعلیٰ سطح پر اٹھانے اور جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس شیر علی ارباب کی زیر صدارت ہوا ،جس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے سی پیک کے جاری اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی ،اجلاس کو سوست بارڈر مینجمنٹ فریم ورک سے آگاہ کیا گیا ، کمیٹی نے متعلقہ حکام کو سفارش کی کہ سوست بارڈر کو سارا سال کھلا رکھنے سے متعلق بارڈر مینجمنٹ فریم ورک کو ریگولیٹ کرنے کےلیے متعلقہ وزارت کے بارے میں فیصلہ کریں ، تاکہ سوست بارڈر کو سارا سال کھولنے سے متعلق عملی اقدامات کر کےتجارت اور معیشت کو درپیش مسائل کا حل نکالاجاسکے ، سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو گوادر میں باڑ لگانے کے منصوبے پر بریفنگ دیتےہوئے بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد گوادر شہر کو اسلحہ فری زون بنانا ہےتاکہ تجارت اور کاروبار کے لیے ماحول کو سازگار بنایا جائے، باڑ لگانے کا منصوبہ 4دسمبر 2020کو شروع ہوا لیکن بعض طبقات کی جانب سے تحفظات کے بعد اس منصوبے کو 29دسمبر 2020کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے،حکومت بلوچستان نے مقامی زعماء، منتخب نمائندگان ، سول انتظامیہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہےتاکہ اس منصوبے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے ، جونہی اس منصوبے پر مفاہمت پیدا ہوجائے گی تو تیزی سے کام مکمل کیا جائے گا، سی پیک پارلیمانی کمیٹی نے سفارش کی کہ گوادر سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی اور سینٹرز کو بھی کمیٹی میں شامل کیاجائےاور مقامی لوگوں کی تشویش اور تحفظات کو دور کیا جائے تاکہ سی پیک فریم ورک کےتحت گوادر ترقی کا کام شروع ہو سکے، کمیٹی نے ایکسل لوڈ پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق گزشتہ سفارشات کا جائزہ لیا اور پالیسی پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ، جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے، اوورلوڈنگ گاڑیاں سڑکوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہی ہیں ، کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزارت مواصلات پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ، سی پیک کمیٹی نے راشکئی خصوصی اقتصادی زون اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کیا ، کمیٹی نے ہدایت کی کہ خصوصی اقتصادی زونز میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کےلیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ، کمیٹی نے بوستان خصوصی اقتصادی زونز پر بریفنگ کےلیے آئندہ بدھ کو خصوصی اجلاس بلایا جائے گا ۔

تازہ ترین