پاپ کارن ایک ایسی غذا ہے جسے بچے کیا بڑے بھی بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ بعض اوقات تو بےوقت کی بھوک مٹانے کے لیے بھی انہیں کھایا جاتا ہے، بالخصوص سینما میں فلم یا میچ دیکھنے اور سیروتفریح کے دوران لطف اندوز ہونے کے لیے ان کا استعمال لازم و ملزوم ہوجاتا ہے۔ پاپ کارن نہایت آسانی سے بننے والی غذا ہے جو کہ جھٹ پٹ تیار ہوجاتی ہے۔ ہر کوئی اسے انتہائی رغبت سے کھاتا ہے مگر بہت کم لوگ ایسے ہیں جو اس کی افادیت کے بارے میں جانتے ہیں۔
یہ استعمال کی جانے والی ایک قدیم غذا ہے، ماہرین آثار قدیمہ نے دریافت کیا ہے کہ لوگ ہزاروں سال سے پاپ کارن کے بارے میں جانتے ہیں۔ میکسیکو میں پاپ کارن کی باقیات کی تاریخ 3600قبل مسیح میں ملتی ہے جبکہ جنوبی امریکا کے ملک پیرو سے ملنے والے فوسلز سے پتہ چلتا ہے کہ 4700قبل مسیح کے اوائل میں ہی مکئی کو پاپ کارن بنانا شروع کردیا گیا تھا۔ تھیٹرز میں ان کی فروخت تقریباً1912ء سے ہورہی ہے۔ امریکا میں سب سے زیادہ پاپ کارن کھائے اور اُگائے جاتے ہیں، جن کی اقسام 700سے زائد ہے۔ 70فیصد امریکی اپنے گھروں میں جبکہ 30فیصد تھیٹرز میں پاپ کار ن کھاتے ہیں۔ پاپ کارن بنانے والی سب سے پہلی مشین1993ء میں امریکی بزنس مین چارلس کریٹرز نے ایجاد کی تھی۔
پاپ کارن کے بہت سے صحت بخش فوائد ہیں۔ انہیں مکئی کے دانوں کو بلند درجہ حرارت پر رکھ کر بنایا جاتا ہے۔ یہ ایک مکمل غذا ہے، جس میں وٹامنز، منرلز اور ڈائیٹری فائبر جیسے اہم غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پوٹاشیم، زنک، کاپر اور فاسفورس بھی اچھی مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور یہ غذا کیلوریز اور فیٹ میں کم ہونے کے ساتھ ساتھ چینی اور سوڈیم کے بغیر ہوتی ہے۔ امریکن ڈائیبٹک سوسائٹی کے مطابق پاپ کارن ذیابطیس اور دل کے امراض سے تحفظ میں مدد دیتے ہیں۔ ذیل میں پاپ کارن کے فوائد کا ذکر کیا جارہا ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
پاپ کارن میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور پولی فینولز دل سے متعلق امراض، بڑھتی عمر کے عوارض جیسے کہ ڈیمینشیا، الزائمر، نظر کی کمزوری، بالوں کا جھڑنا وغیرہ کے سدباب میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ تحقیقات بتاتی ہیں کہ پا پ کارن میں سبزیوں اور پھلوں سے زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں اور ان کی زائد مقدار جسم میں دفاعی صلاحیت کو بڑھاتی ہے۔
وزن میں کمی
پاپ کارن میں چینی اور چکنائی نہیں ہوتی اور اس میں کیلوریز بھی بہت کم ہوتی ہیں۔ ایک چھوٹے سے پاپ کارن کے کپ میں صرف 30 کیلوریز ہو سکتی ہیں۔ اس میں موجود فائبرآپ کی بھوک کو ایک طرف رکھ کر آپ کو خالی پیٹ ہونے کا احساس نہیں ہونے دیتا۔ وزن کم کرنے والوں کے لیے پاپ کارن ایک اچھی خوراک ہے، تاہم عام طور سے لوگ ذائقے کے لیے اس میں فیٹ، چینی اور سوڈیم شامل کردیتے ہیں جو کہ فائدہ دینے کے بجائے وزن بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔
صحت برقرار رکھنے میں معاون
مکئی میں فائبر کے علاوہ منرلز، کمپلیکس کاربوہائڈریٹس، بی کمپلیکس وٹامن اور وٹامن ای بھی ہوتے ہیں۔ فائبر کی موجودگی آپ کے نظام ہاضمہ کو بہتر حالت میں رکھتی ہے۔ ہاضمہ بہتر ہونے کا مطلب ہے کہ آپ کی تمام تر صحت بہتر حالت میں ہے ۔
بلڈ شوگر کا کنٹرول
پاپ کارن میں موجود فائبر آپ کے جسم میں بلڈ شوگر اور انسولین کو لیول پر رکھنے میں مدد کرتاہے، جو لوگوں میں فائبر کی کمی ہونے کی وجہ سے کم ہو جاتاہے۔ اگر آپ ذیابطیس کے مریض ہیں تو آپ کوپاپ کارن کا ایک چھوٹا کپ اپنی روزانہ کی خوراک کا حصہ بنانا چاہیےتاکہ آپ اپنے جسم میں بلڈ شوگر کے اتار چڑھائو سے محفوظ رہ سکیں۔
کولیسٹرول میں کمی
فائبر سے بھرپور ہونے کے باعث پاپ کارن خون کی شریانوں سے تمام تر اضافی کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس طرح آپ کا دل عمدگی سے کام کرتاہے اور آپ دل کے امراض اور اسٹروک وغیرہ سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
خلیوں کی حفاظت
ایک تحقیق کے مطابق پاپ کارن میں میں پولی فینول نامی اینٹی آکسیڈنٹ ہوتا ہے، جو جسم میں داخل ہوکر خلیوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو روکتا ہے۔ پاپ کارن کا ایک پیالہ کسی بھی شخص کو ایک دن میں درکار پولی فینول کا 13فیصد فراہم کرتا ہے۔ پاپ کارن کے اندر کا سخت حصہ جوآپ کے دانتوں میں پھنس جاتاہے اور آپ اسے نکالنے کے لیے پریشان رہتے ہیں، یہی سخت حصہ پولی فینول اور ریشے کا سب سے بڑا ذریعہ ہوتا ہے۔
ایک اور بات یاد رکھنے کی ہے کہ مکئی کے دانوں کو اگر مکھن، تیل یا نمک میں ڈال کر بھونیں تو اس کی غذائیت اور افادیت میں کمی آجاتی ہے۔ اگر اسے بغیر کچھ ملائے بھونا اور کھایا جائے تو اس کے ایک پیالے سے ایک شخص کی پورے دن کی 70فیصد ضرورت پوری ہوسکتی ہے۔
(نوٹ: ذیابطیس اور امراض قلب کےمریض اپنے معالج سے مشورے کے بعد پاپ کارن استعمال کریں۔)