• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نصاب میں سیرت مبارک ﷺ فوراً شامل کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد (انصار عباسی) وزیراعظم عمران خان نے وزارت تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ نصاب میں فوری طور پر حضور پاک ﷺ کی حیات مبارک کے عملی پہلوئوں کو شامل کیا جائے تاکہ ان کے نقشِ قدم پر چلنے کیلئے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ 

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ہدایت نامہ میں وزیراعظم نے وزارت سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یکساں قومی نصاب (سنگل نیشنل کریکولم) یعنی ایس این سی کے پہلے مرحلے (پانچویں جماعت تک) پر ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں بشمول نجی و سرکاری اور دینی مدارس میں آئندہ تعلیمی سال برائے 2021ء سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ 

پہلے مرحلے میں، پانچویں جماعت تک کے ایس این سی میں تمام مسلمان اسٹوڈنٹس کیلئے قرآن پاک کی لازمی تعلیم ہوگی۔ اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر ضروری قانون سازی مکمل ہو چکی ہے اور ساتھ ہی یہ میکنزم بھی طے ہو چکا ہے کہ طلبا کو قرآن پاک کیسے پڑھایا جائے گا۔ 

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے اداروں سمیت کچھ ایسے عناصر ہیں جو حکومت کے اس بڑے اقدام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عزم کر رکھا ہے کہ قرآن پاک کی اس نئی اسکیم پر عمل لازمی کرایا جائے گا اور ساتھ ہی ہر مسلم طالب علم کو حضور پاک ﷺ کی حیات مبارک کا مطالعہ کرایا جائے گا۔ 

کہا جاتا ہے کہ اسی ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ (پانچویں تک) کی نصابی کتب (ماسوائے انگریزی، جنرل سائنس اور ریاضی) کی زبان اردو ہوگی۔ ہدایت نامے میں لکھا ہے، ’’صوبے اپنی مقامی زبانوں میں اپنی نصابی کتب تیار کریں جبکہ جماعت میں ہدایت بھی اُسی زبان میں دی جائے جو اُس مخصوص علاقے یا خطے کے طالب علم کو باآسانی سمجھ آ سکے۔‘‘ 

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ نصابی کتب کا ڈیزائن فوری طور پر تمام صوبوں اور علاقوں سے شیئر کیا جائے۔ نجی ناشروں کو اجازت ہوگی کہ وہ ایس این سی کے تحت اپنی نصابی کتب تیار کریں۔ 

انہیں اس مقصد کیلئے صوبے یا علاقے کے متعلقہ حکام سے اجازت نامہ (این او سی) حاصل کرنا ہوگا۔ وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کو یہ ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولتوں کے مسئلے کے حل کیلئے سفارشات پیش کرے۔

تازہ ترین