راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے بسنت منانے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے ڈرون و دیگر کیمروں کے ذریعے پتنگ بازوں کی مانیٹرنگ کی ،اس سلسلے میں جمعرات کی شام کو شہراورکینٹ کے بعض علاقوں میں بسنت منائی گئی جس کوروکنے کے لئے پولیس حکام نے جمعرات کو انتباہی اعلانات کاسلسلہ بھی جاری رکھا اوراس حوالے سے پولیس گاڑیوں کے ذریعے اعلانات کئے گئے جب کہ مساجدکے سپیکروں پراس حوالے سے اعلان کئے گئے جن میں کہاگیا کہ پتنگ بازی خطرناک کھیل ہے جو جانی نقصان کا باعث بن سکتا ہے ،شہری پتنگ بازی سے اجتناب کریں بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی کیجائے گی جس چھت سے پتنگ بازی ہو رہی ہے اس عمارت کے مالک یا گھر کے سربراہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پولیس حکام نےوالدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور پتنگ بازی کی روک تھام میں کردار ادا کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، جب کہ عوام سے کہاگیاہے کسی بھی علاقے میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کی رپورٹ کرنے کے لئے پکار 15 پر کال کریں۔جمعرات کی رات شہراورکینٹ کے مختلف علاقوں میں بسنت منائی گئی اس دوران گھروں کی چھتوں پرلائٹنگ کرکے پتنگ بازی ،ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی جاتی رہی جب کہ بعض مقامات پرلاؤڈسپیکراستعمال کرنے کی شکایات بھی سامنے آئیں ۔ڈھوک سیداں ،ٹینچ بھاٹہ ،مغل آباد بکرامنڈی ،صدرطارق آباد ،ٹاہلی موہری ،چاکرہ روڈ،فضل ٹاؤن ،صادق آباد،مسلم ٹاؤن ،علامہ اقبال کالونی ، آریہ محلہ ،اڈیالہ روڈسمیت کئی علاقوں میں رات گئے ہوائی فائرنگ ہوتی رہی۔ ایس ایس پی آپریشنز شعیب محمود اور ایس پی پوٹھوہار کی زیرنگرانی سرویلنس ٹیمیں ڈرونز اور دیگر کیمروں کی مدد سے پتنگ بازوں کی ویڈیو مانیٹرنگ بھی کر رہی ہیں۔