لاہور (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ میں رواں سال کے دوران چیف جسٹس سمیت چار ججز ریٹائر ہوجائیں گے جبکہ اگلے سال صرف دو ججز ریٹائر ہونگے۔تفصیلات کے مطابق عدالت عالیہ کے جسٹس عاطر محمود 8مارچ، جسٹس طارق عباسی 30 مارچ، جسٹس چوہدری مشتاق احمد 6اپریل اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان 5جولائی کو ریٹائر ہونگے جبکہ اگلے سال 2022میں عدالت عالیہ کے صرف دو ججز ریٹائر ہونگے ان میں جسٹس سردار احمد نعیم 30 جون اور چوہدری مسعود جہانگیر 2 دسمبر کو ریٹائر ہونگے۔ رواں سال لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سمیت چار ججز کی ریٹائرمنٹ کے بعد ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد 24 ہوجائے گی جبکہ عدالت عالیہ کے ججز کی منظور شدہ تعداد 60 ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دو سالوں سے 40 ججز کام کر رہے ہیں، ججز کی کمی کے باعث زیرالتوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہو نے کا امکان ہے۔