اوکاڑہ(وارث حیدری /نمائندہ جنگ) حکمران پارٹی نےسابق صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی کی پی ٹی آئی میں ممکنہ شمولیت سینٹ الیکشن تک مؤخرکردی۔
رضا گیلانی دعویدار ہیں کہ ان کی نومبر میں وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات عمران خان کی خواہش پر ہوئی۔
پی ٹی آئی اوکاڑہ کے ضلعی صدر کا کہنا ہے کہ ملاقات کروانے والے وزیر اعظم کے ”قریبی عزیز“ کا کہنا ہے کہ میں نے منتیں کر کے رضا گیلانی کے لئے عمران خان سے وقت لیا، رضا گیلانی نے اپنی شمولیت کو بزرگوں کے احکامات سے مشروط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب یا وزیر اعظم سینٹ الیکشن کے بعد حجرہ آئیں گے جہاں پر باقاعدہ شمولیت ہو سکتی ہے۔
رضا علی گیلانی کی حکمران جماعت پی ٹی آئی میں شمولیت کے معاملے پر پی ٹی آئی کی ضلعی قیادت بھی تقسیم ہے،ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی طارق ارشاد شمولیت کے حامی جبکہ ضلعی صدر سید عباس رضا رضوی حامی نظر نہیں آتے۔