• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی پر غیرقانونی سبسڈی لینے والے ہر شخص کیخلاف کارروائی ہوگی، چیئرمین نیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ چینی پر غیرقانونی سبسڈی لینے والے ہر شخص کیخلاف کارروائی ہوگی، تفصیلات کے مطابق چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اعلیٰ سطح اجلاس نیب ہیڈ کوارٹر ز میں ہواجس میں مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات اور ا ب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(CIT)کر رہی ہے جس میں دو انوسٹی گیشز افسران، فنانشل ایکسپرٹ، لیگل کنسلٹنٹ، شوگر انڈسٹری کے معاملات کے بارے میں تجربہ رکھنے والے ایکسپرٹ، فرانزک ایکسپرٹ اور کیس افسر/ ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر کے علاوہ تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی کررہے ہیں،چئیرمین نیب نے مبینہ شوگر سبسڈی اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلہ میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت کی کہ تحقیقات کو شفاف، غیر جانبدارانہ، میرٹ اور پروفیشنل انداز میں مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سے متعلق تفصیلات معلوم کرنے کے علاوہ ایس ای سی پی سے متعلقہ کمپنیوں کی مالی اور آڈٹ رپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کرکے معاملہ کی تہہ تک پہنچا جائے۔ مبینہ چینی سبسڈی اسکینڈل کی تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد اور محکموں کو اپنی صفائی کا قانون کے مطابق پورا موقع فراہم کیا جائے اور غیر قانونی طریقہ سے چینی سبسڈی وصول کرنے والے ہر اس شخص کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی جن کو قواعد و ضوابط کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے نہ صرف چینی سبسڈی دی گئی بلکہ قومی خزانے کو بھی مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ،اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین نیب، پراسیکوٹر جنرل نیب، ڈی جی آپریشن نیب، ڈی جی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

تازہ ترین