• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو، جنگ حملہ کیس میں گرفتار 13؍ملزمان عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج نے نجی چینل (جنگ، جیو) کے دفتر میں احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں گرفتار 13ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پردینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 7 مارچ تک کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ پیر کوانسداد دہشت گردی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پولیس نے نجی چینل کے دفتر میں احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں گرفتار 13ملزمان کو پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیاکہ ملزمان کیخلاف میٹھا در تھانے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، مقدمے میں دھمکیاں دینے، املاک کو نقصان پہنچانے، اقدام قتل اور ہنگامہ آرائی کی دفعات بھی شامل ہیں، اتوار کو ملزمان نے نجی دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کی، مظاہرین کو اشتعال دلانے والا نامزد مرکزی ملزم مفرور ہے۔ تفتیشی افسر نے ملزمان کےچودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ بعد ازاں عدالت نے تفتیشی افسر کی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔

تازہ ترین