• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی سندھ کی تبدیلی کیلئے وزیراعظم کو خط لکھ دیا، گورنر سندھ

آئی جی سندھ کی تبدیلی کیلئے وزیراعظم کو خط لکھ دیا، گورنر سندھ 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی جی کے بارے میں وہی ہوا جس کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ آئی جی سندھ کی تبدیلی کے لئے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔ پولیس کو وارننگ دے رہا ہوں کہ صرف ریاست کی ملازمت کریں، پولیس اپنے رویہ میں تبدیلی لائے بصورت دیگر وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔پیرکوگورنرہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے آئی جی سندھ مشتاق مہر کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے بانی ایم کیوایم کا دور یاد آرہا ہے، جس طرح وہ غنڈوں کے ذریعے شہر کو کنٹرول کرتے تھے، وہی اب سندھ پولیس کررہی ہے،اپوزیشن لیڈر پر جیل میں تشدد کیا گیا اب ایسا نہیں ہونے دینگے۔گورنرسندھ نے کہا کہ جو وفاق کے بس میں ہے، وہ سب کرنے کیلئے مجبور نہ کیا جائے کہ ہم انتہائی قدم اٹھا لیں۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر سیاسی وابستگی رکھتے ہیں۔ پولیس پر پریشر تو صاف نظر آ رہا ہے۔عمران اسماعیل نے کہاکہ پولیس پارٹی بن چکی ہے حلیم عادل پر سیون اے ٹی اے ڈالی گئی ہے لاکر سے سانپ کا نکلنا عجیب تماشا ہے سمیر شیخ کے ساتھ بھی وہی رویہ اپنایا گیا جیلر اے ٹی سی کے آرڈر کو نہیں مانا جاتا انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کا اپنا ایک استحقاق ہوتا ہے، اس کا یہ حال کریں گے تو پھر بات تو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چند روز سے کراچی میں ایک عجیب تماشا جاری ہے، ہر ضمنی الیکشن کے بعد حلقے کے لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں۔ سندھ میں پولیس کے ذریعے غنڈہ گردی کرائی جارہی ہے، پولیس عدالت کا حکم ماننے کے لئے تیار نہیں۔

تازہ ترین