• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائز عیسیٰ نظرثانی کیس، نیا 10 رکنی لارجر بینچ تشکیل، اختلافی نوٹ لکھنے والے جج بھی شامل


اسلام آباد(این این آئی)جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس میں چیف جسٹس پاکستان نے دس رکنی لارجر بینچ تشکیل دیدیا جس میں اختلافی نوٹ لکھنے والے ججز بھی شامل ہیں۔جسٹس عمر عطا بندیال دس رکنی بینچ کی سربراہی کرینگے اور یکم مارچ کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظرثانی کیس کی سماعت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مقبول باقر بینچ کا حصہ ہیں۔ جسٹس امین الدین خان کو جسٹس فیصل عرب کی ریٹائرمنٹ کے باعث بینچ میں شامل کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے دس رکنی بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کو خارج کر دیا تھا اور ان میں سے سات ججز نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کے ٹیکس سے متعلق معاملہ ایف بی آر کو بھیج دیا تھا ، تین ججز نے معاملہ ایف بی آر کو بھیجنے کے خلاف اختلافی نوٹ لکھا تھا۔عدالتی فیصلے کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نظرثانی کی اپیلیں دائر کیں جن کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا چھ رکنی بنچ بنایا گیا اور اختلافی نوٹ لکھنے والے تین ججز کو حصہ نہیں بنایا گیا۔جسٹس فائز عیسیٰ سمیت دیگر درخواست گزاروں نے چھ رکنی بنچ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ کرنے والا دس رکنی فل کورٹ ہی سماعت کرسکتا ہے۔ اس پر عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ بنچ تشکیل دینے کا اختیار چیف جسٹس آف پاکستان کے پاس ہے، چیف جسٹس چاہیں تو نظرثانی درخواستوں پر لارجر بنچ بھی بنا سکتے ہیں۔

تازہ ترین