• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک جام سے لوگ مر رہے تو ایسے PSL کا کیا فائدہ، سندھ ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے پی ایس ایل کے دوران سٹرکیں بند کرنے پر محکمہ داخلہ سندھ، ایس پی ٹریفک کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ایس پی ٹریفک ایسٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔

عدالت نے سڑکوں کی بندش سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اگر لوگ مررہے ہیں تو کیا فائدہ پی ایس ایل کا ، ایسے پی ایس ایل کا کیا فائدہ کہ لوگ اذیت میں رہیں ۔

منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں پی ایس ایل سکس کے دوران سٹرکیں بند کرنے پر محکمہ داخلہ سندھ، ایس پی ٹریفک کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست پاسبان کی جانب سے دائر کی گئی ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت میں کہا گیا کہ آغا خان سے ڈالمیا تک روڑ بند نہیں کیا جائیگا، آغا خان سے ڈالمیا روڑ بند کردیا جاتا ہے، ٹریفک جام سے لوٹ مار کے واقعات بڑھ چکے ہیں ، گزشتہ روز نوجوان اسامہ سعید کو چھینا چھپٹی میں گولیاں مار دی گئیں، اسامہ سعید کو آغا خان لے جارہے تھے مگر راستہ نہیں دیا گیا، راستہ نہ ملنے پر نوجوان ہلاک ہوا، فوکل پرسن محکمہ داخلہ اور ایس پی ٹریفک کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آپ لوگ اپنی بات سے منحرف کیوں ہوجاتے ہیں؟ سندھ پولیس کے لیگل افسر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جہاں واقعہ ہوا ٹریفک پولیس موجود تھی ۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اگر لوگ مررہے ہیں تو کیا فائدہ پی ایس ایل کا ، ایسے پی ایس ایل کا کیا فائدہ کہ لوگ اذیت میں رہیں ۔

لیگل افسر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس موجود ہوتی ہے کارروائی کیلئے تاکہ ٹریفک جام نہ ہو ۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ جہاں جہاں سڑک بلاک ہو مناسب سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ عدالت نے سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین