کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 28 فروری کے جلسے کے بعد ملکی سیاست کا رخ بدل جائیگا، پی ایس پی کے تحت صرف پختونوں کا جلسہ ناصرف اس بات ثبوت ہوگا کہ پاک سر زمین پارٹی نے کراچی سے لسانی سیاست کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے بلکہ قوم کو نوید دیگا کہ کراچی میں لسانی سیاست کی اب کوئی گنجائش نہیں۔ حکمرانوں اور اپوزیشن سے ناامید ہر زبان، مذہب، نسل اور فرقے سے تعلق رکھنے والے اپنے حقوق کی جدوجہد میں پاک سر زمین پارٹی کے پرچم تلے متحد ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکینِ نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 28فروری کے جلسے کے بعد سے کراچی سمیت پاکستان بھر کی سیاست کا رخ تبدیل ہوجائے گا۔