اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق نے کام کرنیوالی جگہوں پر خواتین کو ہراسانی سے بچاؤ ، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری سینئر سٹیزنز ،اسلام آباد میں بچوں کے تحفظ اور گھریلو تشدد کیخلاف بلوں کو منظور کر لیا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کا معاملہ حکومت کے علم میں ہے اور اس نازک ترین مسئلے کو حل کرنا پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم جلد لاپتہ افراد کے لواحقین سے ملاقات کریں گے۔ اجلاس میں کراچی میں جنگ جیو کے دفتر پر حملے پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز شازیہ مری کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں ذیلی کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ویمن اِن ڈسٹریس اینڈ ڈیٹینشن فنڈ (ترمیمی) بل 2019 اور جوینائل جسٹس سسٹم (ترمیمی) بل 2019ءکو مسترد کر دیا ۔