اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نےایل این جی درآمد کے نئےمعاہدے کی منظوری دیدی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ترین اقدامات کئے جائیں‘ عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایل این جی کی قیمتوں میں کمی سےمتعلق مشاورت کی گئی‘کابینہ نےایل این جی درآمد کے نئے معاہدے کی منظوری دیدی ۔کابینہ اجلاس کے بعد ایل این جی کی قیمتوں سے متعلق بڑی پیش رفت کا امکان ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔ادھر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستقبل کی ضروریات اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جانی چاہئے‘ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ترین اقدامات کئے جائیں‘ کھیت سے مارکیٹ تک اشیا کی منتقلی اور دیگر عوامل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جائے ،کوشش کی جائے کہ غریب آدمی پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ پڑے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہاکہ صوبوں کے درمیان رابطے مزید مستحکم کئے جائیں تاکہ قیمتوں میں فرق ختم کیا جا سکے۔ خورد ونوش کی اشیا کے لیے جدید خطوط پر ذخیرہ کرنے کے لئے گوداموں کی تعداد بڑھائی جائے ۔ دریں اثناءوزیراعظم کا کہناتھاکہ راوی سٹی منصوبہ لاہور شہر کی رہائشی و دیگر ضروریات پوری کرنے کیلئے نہایت اہم منصوبہ ہے، ا س سے معاشی سرگرمیوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے لاہور میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام اور راوی سٹی منصوبے کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام کے بعد اربوں روپے کی مالیت کی اس زمین کو بھرپور معاشی سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام اور کورونا وبا کے اثرات سے بحالی کیلئے تعمیراتی شعبے کا فروغ اہمیت کا حامل ہے، نئی سوسائٹیوں اور تعمیراتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ موجودہ غیر منظور شدہ یا غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے حوالہ سے بھی مستقبل کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔