• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں کار و سائیکل حادثے کا محبت اور شادی پر اختتام

تصویر بشکریہ چینی میڈیا
تصویر بشکریہ چینی میڈیا

چین میں سائیکل سوار لڑکی اور گاڑی میں سوار لڑکے کی ٹکر کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثے کا اختتام محبت اور شادی پر ہو گیا۔

چین میں ایک کار حادثے نے ایک جوڑے کو اکٹھا کر دیا، اصل زندگی میں اس منفرد کہانی پر لوگ حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں اور شادی شدہ جوڑے کو مبارک باد بھی دے رہے ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق ایک کار حادثہ محبت کی کہانی اور شادی میں اُس وقت بدلا جب 36 سالہ لی نامی شخص ایک ایمرجنسی کی وجہ سے اپنی گاڑی بہت تیز رفتاری سے چلا رہا تھا۔

چینی میڈیا کے مطابق گاڑی سوار شخص نے 23 سالہ لڑکی کو ٹکر ماری جو کہ الیکٹرک سائیکل پر سوار تھی جس سے اس کی ہنسلی کی ہڈی (کالر بون) ٹوٹ گئی تھی۔

اس حادثے کے بعد لڑکا خاتون کی مدد کے لیے پہنچا اور اس سے معافی مانگی جس پر لڑکی نے سڑک پر زخمی حالت میں ہی جواب دیا کہ کوئی مسئلہ نہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق لڑکی کی اس معاف کرنے والی فطرت سے متاثر ہو کر لڑکے نے لڑکی کے علاج سے متعلق دھیان رکھنا شروع کر دیا، وہ تقریباً روزانہ لڑکی سے ملنے اسپتال بھی جانے لگا۔

اس دوران ان دونوں کے درمیان اسپتال میں ہی بات چیت کا سلسلہ شروع ہو گیا، لڑکی کے والدین نے بھی لڑکے پر کوئی الزام نہیں لگایا اور نہ ہی اس سے کسی قسم کے کوئی معاوضے کا مطالبہ کیا۔

چینی میڈیا کے مطابق اس حادثے کے 3 ہفتے بعد لڑکی نے لی نامی لڑکے سے محبت کا اعتراف کیا جس کے بعد ان دونوں کے درمیان ملنے جلنے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔

بعد ازاں دونوں کی عمر کے درمیان 13 سال کا فرق ہونے کے باوجود انہوں نے رواں ماہ کے شروع میں شادی کر لی۔

چینی میڈیا کے مطابق لڑکی کی جانب سے شادی کے موقع پر دولہا کی جانب سے دی جانے والی رقم بھی نہیں لی گئی، لڑکی نے لڑکے کو رقم اپنے بزنس میں لگانے کی اجازت دے دی، یہ رقم 1 لاکھ 88 ہزار یوآن تھی۔

چینی میڈیا کے مطابق یہ کار اور سائیکل کے درمیان حادثہ دسمبر 2023ء میں پیش آیا تھا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید