پاکستانی نژاد امریکی شیف مریم اشتیاق نے برطانوی سیلیبریٹی شیف گارڈن رامسے کو بھی پاکستانی کھانوں کا دیوانہ بنا دیا۔
پاکستانی نژاد امریکی شیف مریم اشتیاق امریکی ریالٹی شو ’نیکسٹ لیول شیف سیزن 4‘ میں بطور کنٹیسٹنٹ حصہ لے رہی ہیں۔
13 فروری سے شروع ہونے والے اس شو کے ججز میں امریکی شیف نیشا آرنگٹن، ٹاپ شیف آل اسٹارز کے فاتح رچرڈ بلائس اور سیلیبریٹی شیف گارڈن رامسے شامل ہیں۔
اس پروگرام میں شریک پاکستانی نژاد شیف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ریالٹی شو کے ایک سیگمنٹ کی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے مقابلے کے دوران تندوری چکن تیار کی۔
ویڈیو میں برطانوی شیف گارڈن رامسے کو ناصرف مریم اشتیاق کے ہاتھوں سے تیار کردہ تندوری چکن بلکہ پاکستانی کھانوں کی بھی تعریف کرتے دیکھا گیا۔
برطانوی شیف کے مطابق پاکستانی کھانے دنیا بھر میں سب سے بہترین اور ذائقے دار کھانوں میں سے ایک ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مثبت نمائندگی کرنے اور ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر مریم اشتیاق کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
پاکستانی اداکارہ منشا پاشا اور یمنیٰ زیدی نے بھی پاکستانی نژاد امریکی شیف کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے مذکورہ ویڈیو کو اپنی اپنی انسٹا اسٹوری میں ری شیئر کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی شو ’نیکسٹ لیول شیف‘ کا سیزن 4 رواں ماہ کی 13 تاریخ سے شروع ہوا ہے، جس میں مختلف ممالک سے تعلق والے کھانے پکانے کے شوقین افراد اور ہوم بیس شیف حصہ لے رہے ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ امریکی شو میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پاکستانی نژاد امریکی شیف مریم اشتیاق کتنی آگے تک جاتی ہیں۔