• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین میں کوئی ممنوعہ چیز نہیں، ماہرین، اولڈہم میں ایشیائی خواتین کو ویکسین کی آگاہی کیلئے ورکشاپ

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) ایشیائی خواتین کو کورونا وائرس سے بچاؤکی ویکسین کے بارے میں سائنسی و مذہبی نقطہ نظر سے آگاہی دینے کے لیے یورپین اسلامک سنٹر اولڈہم میں خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طبی ماہرین اور مذہبی سکالرز نےخواتین کو ویکسین لگوانے کی اہمیت و افادیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی ، ماہرین کا کہنا تھا کہ ویکسین کے اندر کوئی ممنوعہ چیز موجود نہیں۔ڈاکٹر شگفتہ پروین نے کہا کہ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی افادیت کے بارے میں بتانا تھا تاکہ کمیونٹی کے اندر منفی تاثر کو ختم کیا جائے اور خواتین ویکسین لگوائیں۔ کونسلر یاسمین طور نے کہا کہ ورکشاپ میں خواتین کے خدشات کو سائنسی و مذہبی لحاظ سے دور کیا گیا تاکہ وہ ویکسین لگوا کر اپنے آپ کو اس موذی وائرس سے بچا سکیں۔ اولڈہم کونسل آف ماسک کے ترجمان سید عبد الباسط شاہ مشوانی کا کہنا تھا کہ آج خواتین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے بارے میں سائنسی و مذہبی لحاظ سے آگاہی دی گئی، جتنا زیادہ کمیونٹی کے اندر ویکسین سے آگاہی ہو گی اتنا ہی بہتر ہو گا۔ مسز محمود نے کہا کہ یہاں سائنسی و مذہبی لحاظ سے ویکسین لگوانے کے بارے میں مفید معلومات ملیں، ان کا کہنا تھا کہ ہر دوا کے تھوڑے بہت برے اثرات تو ہوتے ہیں لیکن ویکسین لگوانے سے ہم اپنی جان بچا سکتے ہیں، ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی ہمیں زندگی بچانے کے لیے علاج کروانے کا درس دیا ہے۔ نذیر بیگم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ویکسین لگوالی ہے، ان کی صحت پر کوئی برے اثرات نہیں پڑے، سب کو ویکسین ضرور لگوانا چاہیے۔آگاہی دینے سے کمیونٹی کی دیگر خواتین کے اندر پائی جانے والی تشویش ختم ہو گی اور وہ اپنی اور دوسروں کی جانیں محفوظ بنا سکتی ہیں۔

تازہ ترین