• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں الیکشن کمیشن اس سے پہلے کبھی اس طرح کھڑا نہیں ہوا، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن کمیشن اس سے پہلے کبھی اس طرح کھڑا نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنا پی ٹی آئی کے امیدوار کا قانونی حق ہے، آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے والوں کی کوئی ساکھ نہیں ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سلطان محمد خان کے ساتھ آج جو تصویر آئی وہ پرانی ہے، وزیراعلیٰ نے سلطان محمد خان سے ملاقات کی ہے تو انہیں اپنی پوزیشن کا جائزہ لینا چاہئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پارٹی سے نکالے جانے والے لوگوں سے ملتے ہیں تو ان کی ساکھ پر سوالیہ نشان اٹھ جائے گا، ہماری کمیٹی کی کارروائی صراحت سے آگے بڑھ رہی ہے، ہارس ٹریڈنگ ختم کرنے کیلئے ٹھوس سفارشات پیش کریں گے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لیاقت جتوئی کے سیف اللہ ابڑو پر الزام میں کوئی وزن نہیں ہے، لیاقت جتوئی خود سینیٹ کیلئے امیدوار تھے جب انہیں ٹکٹ نہیں ملا تو ناراض ہوگئے، بلوچستان میں عبدالقادر سے ٹکٹ واپس لے کر مقامی کارکن کو دیا گیا، اب پی ٹی آئی بلوچستان اور بی اے پی نے معاہدہ کیا ہے ،ایک مقامی ایڈجسٹمنٹ کو بکاؤ نہیں کہا جاسکتا، جس شخص کو ٹکٹ نہ ملے وہ دوسرے پر الزام لگادیتا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ ضمنی انتخاب میں اپنی پوزیشن مستحکم کی ہے، ایسے ہی مضبوط ادارے اس وقت ملک کی ضرورت ہیں، الیکشن کمیشن نے اس سے پہلے سپریم کورٹ میں اسٹینڈ لیا تھا، پاکستان میں الیکشن کمیشن اس سے پہلے کبھی اس طرح کھڑا نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنا پی ٹی آئی امیدوار کا قانونی حق ہے، الیکشن میں تمام اختیارات الیکشن کمیشن کے پاس چلے جاتے ہیں۔

تازہ ترین