• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ ممبران کی متواتر تعلیم و تربیت ضروری ہے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کالا شاہ کاکو کیمپس کے فیز ٹو کا سنگ بنیاد رکھ دیا، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے کہا کہ عدلیہ کے اپنے ممبران کی متواتر تعلیم و تربیت انتہائی ضروری ہے، کیونکہ قانون کبھی جامد نہیں رہتا اور وقت کے ساتھ ساتھ قانون میں بھی تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔ فاضل چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ اکیڈمی کے انفراسٹرکچر میں ضروری ہوتا ہے کہ سیکھنے کےلئے آنے والوں کو ضرورت کی ہر چیز مہیا ہو ہمارا پلان ہے کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی آنے والے وقت میں ڈگری ایوارڈ کرنے والا ادارہ بن کر سامنے آئے اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نہ صرف پورے پاکستان کے ججز کو ٹریننگ دے بلکہ قانونی ریسرچ پر بھی کام کرے۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں منتخب والے ججز کو مکمل پری سروس ٹریننگ دی جاتی ہے۔چیف جسٹس نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اگلے تین مہینوں میں اکیڈمی کے کالا شاہ کاکو کیمپس کو ہریالی کا گہوارہ بنایا جائے، نہ صرف اکیڈمی کے اندر بلکہ اس کے ارد گرد بھی گرین ایریا بنایا جائے، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انتظامیہ جلد سے جلد کالا شاہ کاکو کیمپس میں تمام سہولیات فراہم کرے تاکہ اس کو فنکشنل کرتے ہوئے وسیع و عریض کیمپس سے مستفید ہوا جائے۔ قبل ازیں چیف آرکیٹیکٹ پنجاب اور ایس ای نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کالا شاہ کاکو کیمپس کے منصوبہ پر مکمل بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر جسٹس ملک شہزاد احمد، جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عاطر محمود، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس انوار الحق پنوں، جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس اسجد جاوید گورال، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ ملک مشتاق احمد اوجلہ، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی چودھری محمد سلیم اور سیشن جج ہیومن ریسورس سمیت انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
تازہ ترین