• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹرابیری سے بنائیں میٹھے پکوان اور مشروبات

اسٹرابیری کا موسم آتے ہی یہ بازاروں میں جگہ جگہ نظر آنے لگتی ہے۔ دل کی شکل سے مشابہ گلاب کے خاندان سے تعلق رکھنے والی اسڑابیری شگفتہ سرخ رنگت اور سر پر سبز پتوں کا تاج لیے ایک ہردلعزیز پھل ہے، جسے صحت کی ضمانت بھی کہا جاتا ہے۔ جدید طبی تحقیقات کے مطابق اسٹرابیری کا روزانہ استعمال انسان کی قوت مدافعت کو بڑھانےاور صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسٹرابیری میں ایسے قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں، جو عارضہ قلب اور کینسر جیسے کئی مہلک امراض سے لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسٹرابیری میں پوٹاشیم اور منرلز ہوتے ہیں جو جسم کا مدافعتی نظام بہتر بناتے ہیں۔

اس میں موجود ایلیجک ایسڈ اور فلیونوائڈز ایسا اینٹی آکسیڈنٹ اثر فراہم کرتے ہیں، جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ یہ خون میں خراب کولیسٹرول کے اثرات کا مقابلہ کرتے ہیں، جو شریانوں میں خون گاڑھا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور اسٹرابیری موتیے کے مرض کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اسٹرابیری میں موجود وٹامن سی کولاجن کو بڑھانے کے لیے بھی اہم ہے۔ کولاجن جِلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ 

اسٹرابیری میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر اجزا جوڑوں کے ورم کا اثر کم کرنے میں بھی ممکنہ طور پر مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ 600سے زائد اقسام کی اسٹرابیریز پاکستان سمیت دنیا بھر میں آئسکریم، ملک شیک اور دیگر مشروبات، میٹھے پکوان اور سلاد کی جان ہیں۔ ہم اپنے قارئین کے لیے اسٹرابیری سے بنائے جانے والے میٹھے پکوان اور مشروبات کی ترکیبیں پیش کررہے ہیں۔

اسٹرابیری یوگرٹ

درکار اجزاء:

اسٹرابیری۔ ایک پیکٹ

کنڈینسڈ ملک۔ دو ٹِن

فریش کریم۔ دو پیکٹ

اسٹرابیری جیلی پاؤڈر ۔ دو پیکٹ

پانی۔ حسبِ ضرورت

جیلیٹن پاؤڈر۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

ایک بڑے پیالے میں دہی ڈال کر اس میں کنڈینسڈ ملک، فریش کریم اور اسٹرابیری جیلی پاؤڈر اچھی طرح ملائیں۔ اب اس میں اسٹرابیریز کو باریک کاٹ کر شامل کر دیں۔ پھر ایک بڑے برتن میں پانی گرم کریں۔ اس کے بعد ایک چھوٹے برتن میں جیلیٹن پاؤڈر ڈال کر اسے تھوڑے سے پانی میں گھول کر بڑے برتن میں رکھ کر پکائیں۔ جب وہ گھل جائے تو اسے تیار کیے ہوئے دہی کے مکسچر میں ملاکر ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ تیار ہونے پر اسے چند اسٹرابیریز سے گارنش کرکے پیش کریں۔

اسڑابیری یوگرٹ کیک

درکار اجزاء:

میدہ۔ دو پیالی

دہی۔ تین چوتھائی پیالی

اسٹرابیری۔ حسبِ ضرورت

بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

بیکنگ سوڈا۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

چینی۔ ایک پیالی

شہد۔ دو کھانے کے چمچ

چینی (پسی ہوئی)۔ حسبِ ضرورت

تیل۔ تین چوتھائی پیالی

ترکیب:

میدے میں بیکنگ پاؤڈر اور بیکنگ سوڈا ملا کر چھان لیں۔ اب ایک پیالی چینی کو پیس کر اس میں دہی اور کوکنگ آئل ملا کر پھینٹ لیں۔ پھر اس میں تھوڑا تھوڑا کرکے میدہ شامل کرتے جائیں۔ اب ایک پین میں تیل لگائیں اور ہلکے ہاتھ سے آمیزے کو ملاتے ہوئے اس پین میں ڈال دیں۔ اب گرم کیے ہوئے اوون میں 170ڈگری پر ایک گھنٹے کے لیے بیک کریں۔ کیک کو اوون سے نکال کر اسے مکمل ٹھنڈا ہونے پر پین سے نکال لیں۔ 

نان اسٹک پین میں دو کھانے کے چمچ پسی ہوئی چینی میں ایک چوتھائی پیالی پانی اور ایک کھانے کا چمچ شہد ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ وہ یکجان ہو جائے، پھر اسے گرم گرم کیک پر ڈال دیں۔ اب پین میں دو کھانے کے چمچ اسٹرابیری جام میں ایک کھانے کا چمچ شہد ملا کر ہلکا پگھلا لیں اور اسے کیک پر ڈال دیں۔ آخر میں اس کیک پر پسی ہوئی چینی چھڑک کر تازہ اسٹرابیری سے سجائیں۔

اسٹرابیری کوکونٹ کریم اسموتھی

درکار اجزاء:

اسٹرابیری ۔آدھا کلو

چینی۔ ایک کپ

برف ۔ حسب ضرورت

دودھ۔ تین کپ

کوکونٹ کریم۔ ایک کپ

ترکیب:

ایک بلینڈر میں اسٹرابیری، چینی اور دودھ ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔ پھر کوکونٹ کریم اور برف ڈال کر مزید کچھ دیر بلینڈ کریں اور ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں۔

اسٹرابیری شیک

درکار اجزاء:

فروزن اسٹرابیری۔ ایک کپ

کوکونٹ مِلک پاؤڈر۔ تین کھانے کے چمچ

پائن ایپل جوس۔ ایک کپ

چینی۔ حسبِ ضرورت

کھوپرا (پِسا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

ونیلاآئس کریم۔ دو بڑے چمچ

اسٹرابیری ایسینس۔ چند قطرے

برف۔ حسبِ منشا

ترکیب:

فروزن اسٹرابیری سمیت تمام اجزاء کو بلینڈ کرلیں۔ گلاس میں نکال کر لذیذ اسٹرابیری شیک پیش کریں۔

اسٹرابیری لسّی

درکار اجزاء:

دہی۔ ایک کپ

اسٹرابیری۔ ایک کپ

جینی۔ حسبِ ضرورت

برف۔ حسبِ منشا

ترکیب:

تمام اجزاء اور برف گرائنڈ کرکے گلاس میں ڈال کر مزیدار اسٹرابیری لسّی کا لطف اٹھائیں۔ اگر اسے پتلا کرنا ہو تو حسبِ منشا پانی بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

اسٹرابیری ہنی سی

اسٹرابیری۔1کپ

لیموں کا رس۔ ½ کپ

سوڈا واٹر۔1کپ

کریم۔½ کپ

شہد۔ایک چائے کا چمچ

برف۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

ایک بلینڈر میں تازہ اسٹرابیریز، لیموں کا رس اور سوڈا واٹر شامل کریں اور تمام چیزوں کو یکجا ہوجانے تک اچھی طرح پیس لیں۔ اب ذائقے میں اضافے کے لیے کریم اور شہد شامل کریں۔ پھر برف کے ٹکڑے ڈالیںاور اس وقت تک اچھی طرح گرینڈ کریں جب تک کہ تمام چیزیں آپس میں یکجان نہ ہوجائیں۔ یہ لال گلابی، خوش رنگ اور خوش ذائقہ تازہ اسموتھی اسٹرابیری کے موسم کے لیے بہترین ہے۔

ڈیزرٹ سلاد

درکار اجزاء:

گوبھی۔ آدھا کپ

گاجر ۔آدھا کپ

کشمش۔ آدھا کپ

مکس فروٹس۔ ایک کپ

میٹھا اسٹرابیری ڈیزرٹ۔ ایک پیکٹ

ڈیزرٹ کریم۔ آدھا کپ

اسٹرابیری۔ چھ سے آٹھ عدد

ترکیب:

گوبھی، گاجر، کشمش، مکس فروٹس، میٹھا اسٹرابیری ڈیزرٹ اور کریم کو اچھی طرح مکس کرکے ٹھنڈا کر لیں۔ پھر اسے کٹی ہوئی اسٹرابیریز سے گارنش کرکے پیش کریں۔

اسٹرابیری فِلڈ کیک

درکار اجزاء:

میدہ۔ 150گرام

بیکنگ پاؤڈر۔ نصف چائے کا چمچ

چینی۔ 150گرام

مکھن۔ 50گرام

انڈے۔ 5عدد

ونیلا ایسنس۔2قطرے

فلنگ کیلئے:

اسٹرابیریز۔ ایک پاؤ

دودھ۔ 250ملی لیٹر

کسٹرڈ پاؤڈر۔ 2سے 3 کھانے کے چمچ

چینی۔ 3سے 4کھانے کے چمچ

کریم ۔ 280گرام

اسٹرابیری جیم۔ 4سے 5 کھانے کے چمچ

پانی۔2کھانے کے چمچ

آئسنگ کیلئے:

آئسنگ شوگر۔150گرام

اسٹرابیری جیم (نیم گرم )۔2کھانے کے چمچ

ترکیب:

کیک کا ڈو بنانے کے لیے سب سے پہلے اوون گرم کر لیں۔ اب اس کے لیے ایک چوکور پین لیں۔ اس کی بیس کو بیکنگ شیٹ سے کور کر کے شیٹ کو گریس کریں اور پھر اس پر تھوڑا سا میدہ چھڑک دیں۔ اب انڈوں کی زردی اور سفیدی الگ الگ کر لیں۔ پھر ایک پیالے میں زردی، چینی اور ونیلا ایسنس ڈال کر ہینڈ مکسر سے اتنا پھینٹیں کہ وہ کریم جیسا بن جائے۔ ساتھ ہی دوسرے پیالے میں سفیدی کو مکسر کی مدد سے اتنا پھینٹیں کہ وہ گاڑھی ہو جائے۔ اب زردی والے مکسچر کے اندر بیکنگ پاؤڈر ملا میدے کو تھوڑا تھوڑا کر کے ڈالیں اور اسے مکسچر کے اندر فولڈ کرتے جائیں۔ 

مکس نہیں کرنا بلکہ میدہ اور زردی والا مکسچر ایک دوسرے میں الٹنا پلٹنا ہے تاکہ ہوا اندر ہی رہے۔ اب آخر میں اس مکسچر میں سفیدی والا مکسچر بھی ڈال دیں اور اسے بھی الٹ پلٹ کریں۔ اب اس مکسچر کو کیک ٹن میں ڈال کر اوپر سے لیول کرلیں اور اوون میں 30سے 35 منٹ تک یا جب تک وہ اندر سے ٹھیک سے پک نہیں جاتا تب تک بیک کر یں۔ اب اس کیک کو ٹھنڈا اور سخت ہونے کے لیے رکھ دیں یا فریج میں رکھ دیں۔

فلنگ کے لیے اسٹرابیریز کے چند ٹکڑے ڈیکوریشن کے لیے الگ رکھ دیں اور باقی اسٹرابیریز کو سلائسز میں کاٹ لیں۔ دودھ میں چینی اور کسٹرڈ پاؤڈر ملا کر اسے پکائیں اور جب مناسب حد تک گاڑھا ہو جائے تو چولہا بند کر دیں۔ اب اس میں کریم شامل کردیں اور اچھی طرح مِکس کریں تاکہ کسٹرڈ اور کریم بالکل یکجان ہو جائیں۔ اسٹرابیری جیم میں پانی ملا دیں اور مائیکرو ویو اوون میں ہلکا سا گرم کر لیں۔ 

اب کیک کو پین سے باہر نکالیں اور پین کو اندر سے کلنگ فلم سے سارا کور کر دیں۔ اب کیک کو دو حصوں میں کاٹ لیں۔ دونوں حصوں کی کٹی ہوئی سائڈوں پر جیم لگائیں۔ اوپر والا حصہ پین کے اندر رکھیں۔ اس پر کسٹرڈ پھیلا کر اسٹرابیریز کی تہہ لگا دیں۔ اب کیک کا نیچے والا حصہ اس پر رکھ دیں۔ اس کیک پین کو ایک سے دو گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں تاکہ فلنگ اچھی طرح جم جائے۔

آئسنگ کے لیےاسٹرابیری جیم اور چینی کو اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب کیک کو پین میں سے احتیاط سے نکال کر سرونگ پلیٹ میں ایسے رکھیں کہ نیچے والا حصہ اوپر کی طرف آئے۔ اس پر آئسنگ پھیلا دیں اور ایک طرف رکھی اسٹرابیریز کو کاٹ کر کیک پر سجا دیں۔ لیجیے مزیدار اسٹرابیری فِلڈ کیک تیار ہے۔

اسٹرابیری چاکلیٹ

درکار اجزاء:

انڈے۔ 4عدد

کوکو پاؤڈر۔ ایک چوتھائی کپ

میدہ۔ 3کپ

چینی۔ آدھا کپ

آئسنگ کیلئے:

اسٹرابیری۔ آدھا کلو

فریش کریم۔ 250گرام

آئسنگ شوگر۔8کھانے کے چمچ

دودھ۔ ایک سے ڈیڑھ کپ

ترکیب:

اسٹرابیری چاکلیٹ بنانے کے لیے انڈوں کو پھینٹیں۔ اس کے بعد ان میں چینی ملاکر اچھی طرح مکس کرلیں۔ بعد میں اس مسکچر میں کوکو پاؤڈر اور میدہ ڈالیں مگر میدہ آہستہ آہستہ ڈالتے ہوئے اچھی طرح مکس کرنا ہے۔ آخر میں اس سارے مکسچر کو کیک پین میں ڈال کر مائیکرو ویومیں220 سینٹی گریڈ پر کم سے کم 15 منٹ تک بیک کریں۔ پھر کیک کو نکال کر ٹھنڈا کریں اور اس کے دو حصے کرلیں۔

آئسنگ کے لیےفریش کریم اور دودھ کو آئسنگ شوگر کے ساتھ مکس کریں اور پھر کیک کے ایک حصے پر لگائیں۔ اس کے بعد کیک کا دوسرا حصہ اس کے اوپر رکھیں، جس کے اوپر اسٹرابیریز سجائیں (اسٹرابیری کے علاوہ بلیک اور بلیو بیریز بھی سجائیں جا سکتی ہیں)۔ کیک کو کچھ دیر کے لیے فریز کرلیں، تاکہ کیک کے دونوں حصے اچھے طریقے سے مل جائیں۔ اب اسے پلیٹوں میں نکال کر گھروالوں کو پیش کریں۔

اسٹرابیری جیم

درکار اجزاء:

اسٹرابیری۔ ایک کلو

چینی۔ ایک کلو

لیموں کا رس۔ ایک چوتھائی کپ

ترکیب:

اسٹرابیریز کو دھو کر کاٹ لیں۔ اب انھیں ایک پلاسٹک کے پیالے میں چینی کے ساتھ ڈال کر رات بھر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اگلی صبح اسے ایک پین میں پکائیں، یہاں تک کہ چینی حل ہو جائے۔ اب بیس منٹ مزید پکائیں کہ چینی جمنے لگے۔ چولہا بند کر دیں اور لیموں کا رس شامل کر کے اسے اُبال کر خشک کی ہوئی بوتلوں میں بھر دیں۔

اسٹرابیری پائی

درکار اجزاء:

گندم کا آٹا۔ ڈیڑھ کپ

چینی۔ تین چوتھائی کپ

مکھن۔ 90گرام

انڈے۔ 2عدد

گرم دودھ۔ دو کھانے کے چمچ

بیکنگ پاؤڈر ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

دار چینی۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

اسٹرابیری۔ تازی یا فریز

ترکیب:

سب سے پہلے چھلنی کی مدد سے آٹا چھان لیں، پھر اس میں دار چینی، بیکنگ پاؤڈر اور نمک ملا دیں۔ مکھن کو کمرے کے درجہ حرارت پر تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ دیں تاکہ وہ نرم ہوجائے۔ اب اس میں چینی شامل کرکے پیس لیں۔ پھر انڈے اور دودھ ملائیں اور آہستہ آہستہ ملاتے جائیں۔ اب آٹے کا مکسچر ڈال کر مکس کرلیں۔ اگر آٹا بہت گاڑھا ہو تو آپ اس میں تھوڑا سا دودھ ڈال سکتے ہیں۔ بیکنگ پین پر تیل لگائی یا بیکنگ پیپر سے ڈھانپ دیں۔

اس کے اوپر آٹا رکھیں اور ایک اسپیچولا کی مدد سے ہموار کریں۔ اسٹرابیریز کو آدھا کاٹیںاور آٹے کی سطح پر رکھ دیں۔ ہر اسٹرابیری کو آٹا میں تھوڑا سے دبا دیں۔ اوون کو180 ڈگری پر گرم کرکے اس میں بیکنگ پین رکھیں۔ تقریباً 30منٹ تک بیک کریں۔ ٹوتھ پِک کی مدد سے تیاری کی جانچ کریں۔ تیار ہوجائے تو اوون سے کیک کو نکال لیں، اسے تھوڑا سا ٹھنڈا ہونے دیں۔ اگر آپ بیکنگ پیپر استعمال کرتے ہیں تو یہ آسان ہوگا۔ پائی کو ٹکڑوں میں کاٹ کر پیش کریں۔

اسٹرابیری چیز کیک آئس کریم

درکار اجزاء:

کریم چیز۔ 8اونس

کنڈینسڈ ملک۔14اونس

کریم۔ ایک چوتھائی کپ

لیموں کا چھلکا (کدو کش)۔ 2کھانے کے چمچ

اسٹرابیریز۔ ایک سے ڈیڑھ کپ

موٹے کٹے بسکٹ۔ 3عدد

ترکیب:

ایک بلینڈر میں کریم چیز، کنڈینسڈ ملک، کریم اور لیموں کا کدو کش کیا ہوا چھلکا شامل کر کے اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ اب اسے ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر تقریباً 4 گھنٹے کے لیے فریز کر دیں۔ اسٹرابیریز کو بلینڈر میں اچھی طرح پیس کر پیوری بنالیں۔ فریز کیے ہوئے کریم چیز والے آمیزے کو مکسر کی مدد سے اچھی طرح پھینٹ لیں۔ 

پھر اسٹرابیری کی پیوری کو کٹے بسکٹ والے آمیزے میں اچھی طرح ملائیں۔ اب آئس کریم کو واپس ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر 8 گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ سرونگ سے 15 منٹ پہلے آئس کریم فریزر سے نکال کر روم ٹمپریچر میں نرم کرلیں۔

اسٹرابیری مفن

درکار اجزاء:

آٹا۔ ایک چوتھائی کپ

دودھ۔ ایک کپ

تازہ اسٹرابیری۔

دلیا۔ تھوڑا سا

مکھن۔ آدھا کپ

چینی۔ آدھا کپ

انڈہ۔ ایک عدد

نمک۔ چٹکی بھر

بیکنگ پاؤڈر، ونیلا ایسنس۔ حسبِ منشا

ترکیب:

اوون کو 200ڈگری پر گرم رکھیں۔ کپ کیکس کے لیے12سانچیں لیں اور ان پر تیل لگادیں۔ بیکنگ پاؤڈر اور نمک کو آٹے کے ساتھ چھان لیں۔ الگ برتن میں چینی کے ساتھ دلیا ڈالیں۔ پھر دودھ میں مکھن ، انڈہ اور ونیلا ایسنس شامل کریں۔ اب اس آمیزے میں آہستہ آہستہ چھانا گیا آٹا شامل کرنا شروع کردیں۔ اسٹرابیریز کو باریک کاٹ لیں اور اسے بھی آٹے کے ساتھ ملائیں۔ 

اس کے بعد تیار شدہ آٹے کو سانچوں میں ڈالیں، انہیں صرف دوتھائی ہی بھرنا ہے کیونکہ بیکنگ کے دوران یہ پھول جاتا ہے۔ اسٹرابیری کے ساتھ مفن کو 15 سے20منٹ کے لیے بیک کریں اور اسے کچھ دیر میں چیک کرتے رہیں۔ تیار کردہ مفن کو 10منٹ تک ٹھنڈا کرنے رکھ دیں۔ آپ اسے چائے یا کافی کے ساتھ پیش کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین