پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پی ڈی ایم الیکشن سینیٹ میں حکومت کو چیلنج کر رہی ہے، ہم نے ن لیگ کی سیٹس پنجاب سے نکالی ہيں، ن لیگ کے یہ ووٹ فائدے مند ہوں گے جب ہم چیئرمین سینیٹ کے لیے جائيں گے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے ملک میں ہوئے ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم نے حکومت کو ہرایا ہے، پاکستان کے عوام حکومت کے ساتھ نہیں، پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سینیٹ الیکشن سے بھی یہی پیغام دینا چاہتے ہيں کہ ممبران پارلیمنٹ حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم اس کٹھ پتلی حکومت اور وزیراعظم کو گھر بھیجنے میں کامیاب ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کو لاوارث چھوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدارتی ریفرنس پُرامید ہے کہ سپریم کورٹ آئين و قانون کے مطابق فیصلہ دے گی، آئين و قانون کے مطابق سیکریٹ بیلٹ کو تحفظ حاصل ہے، ہم نے سیکریٹ اور اوپن دونوں بیلٹ کے لیے تیاری کی ہے۔