نواب شاہ (محمد انور شیخ)پسند کی شادی کرنے والے دولہا سے شادی کی خواہش مند رشتہ دار لڑکی نے شادی ہال میں گھس کر دولہا کو چھری کے وار کرکے زخمی کردیا، تقریب میں موجود باراتیوں میں بھگدڑ مچ گئی، زخمی دولہا کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حملہ آور لڑکی کو پولیس نے پکڑ کر ورثاء کے حوالے کردیا، بعد ازاں ورثاء لڑکی کی لاش لیکر اسپتال پہنچ گئے،ورثاء کاکہناہےکہ لڑکی نے خودکشی کی ہے جبکہ پولیس کاکہناہےکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔مریم روڈ کے شادی ہال میں اسکول ٹیچر نیاز مہر کی دوسری شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک ناہید مہر نامی لڑکی نے دولہا نیاز کے پیٹ میں چھری گھونپ دی اور شدید زخمی کردیا، اس اچانک حملہ سے تقریب میں افراتفری مچ گئی اور دلہن بے ہوش ہوگئی، دولہا کو اسپتال جبکہ حملہ آور ناہید مہر کو بی سیکشن پولیس کے حوالے کردیا گیا جہاں پولیس کے مطابق اس کے رشتہ دار جو کہ دولہا کے بھی قریبی عزیز ہیں، اس یقین دہانی کے بعد کہ آپس میں فریقین کا صلح نامہ کرادیں گے حملہ آور ناہید مہر کو ہمراہ لے گئے تاہم پولیس کے مطابق رات گئے ناہید مہر کی لاش سمیت ورثاء پیپلز میڈیکل اسپتال پہنچے اور ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد ناہید ذہنی دباؤ میں تھی اور اس نے دوپٹے کا پھندا لگا کر خودکشی کرلی ہے، ادھر پولیس کا یہ بھی کا کہنا ہے کہ متوفیہ ناہید مہر کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔