• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کی حمایت اور تعاون سے انکار

حکمران جماعت تحریک انصاف ماضی کی اتحادی جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے خالی ہاتھ لوٹ گئی۔

پی ٹی آئی کے اعجاز چوہدری نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم سے ملاقات کی، اس موقع پر اپوزیشن جماعت نے سینیٹ انتخاب میں حکومت کی حمایت اور اُس سے تعاون کرنے سے انکار کردیا۔

دوران ملاقات اعجاز چوہدری نے جماعت اسلامی سے سینیٹ انتخابات میں تعاون کی اپیل کی، جس پر امیر العظیم انہیں اس حوالے سے پارٹی پالیسی سے آگاہی دی۔


امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا نے وہاں کی اپوزیشن سے مذاکرات کیے ہیں اور طے کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حد تک اپوزیشن پارٹیوں کا ساتھ دیں گے۔

جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ کے پی کی حد تک اپوزیشن پارٹیوں کا ساتھ دیں گے، وہاں ہمارے ووٹوں کی ایڈجسٹمنٹ کی ایک صورت موجود ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اپوزیشن پارٹیاں جماعت اسلامی کی خاتون امیدوار کو ووٹ دیں گی۔

امیر العظیم نے اعجاز چوہدری پر واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے ارکان اپوزیشن کو جنرل، پروفیشنل اور اقلیتی سیٹ پر ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور سندھ میں کوئی راستہ نہیں کہ ہم ووٹ کا تبادلہ ممکن بناسکیں، مرکزی مجلس عاملہ نے طے کیا ہے ان دونوں جگہوں پر ووٹ نہیں دیں گے۔

جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہماری ایڈجسٹمنٹ صرف اور صرف خیبر پختونخوا تک محدود رہے گی۔

اس سے قبل مسلم لیگ پگارا کے رہنما محمد علی درانی نے بھی منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی، اس موقع پر سیکریٹری جنرل امیر العظیم بھی موجود تھے۔

تازہ ترین