بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چنڈال نے اپنے مقدمات کی منتقلی کیلئے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت اور ان کی بہن نے ممبئی میں درج تین مقدموں کی ہما چل پردیش منتقلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
اداکارہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر ممبئی میں کیسز کی سماعت ہوتی رہی تو شیوسینا کی جانب سے دونوں بہنوں کو قتل کیے جانے کا خطرہ ہے لہٰذا مقدموں کو شملہ منتقل کیا جائے۔ تاہم سپریم کورٹ نے کنگنا کی درخواست تاحال سماعت کیلئے مقرر نہیں کی ہے۔
کنگنا کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست کا معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بالی ووڈ کے رائٹر جاوید اختر کے کیس میں عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
کنگنا رناوت اور ان کی بہن کے خلاف 3 مقدمات ممبئی میں زیر سماعت ہیں جن میں سے ایک جاوید اختر کی جانب سے دائر ہتک عزت کا معاملہ بھی ہے۔