• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ECP کا علی حیدر گیلانی کی ویڈیو اور سیف اللہ ابڑو پر الزامات کا نوٹس

ECP کا علی حیدر گیلانی کی ویڈیو اور سیف اللہ ابڑو پر الزامات کا نوٹس 


کراچی(جنگ نیوز، خبرایجنسیاں) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی کی وڈیو اور سیف اللہ ابڑو پر لیاقت جتوئی کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے کہاکہ وڈیو کی میرٹ پر تحقیقات ہوںگی۔ 

ویڈیو سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو نا اہل قرار دینے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی گئی جبکہ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین، پی ٹی آئی کے اراکین فرخ حبیب اور کنول شوزب نے کہا کہ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے خدشات درست ثابت ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ نے صاف، شفاف انتخابات کرانے کے احکامات دیئے، پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پر لگی ہوئی ہیں، اس لئے الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے اور یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے پاس انتخابات میں حصہ لینے کا اخلاقی جواز باقی نہیں رہا۔ 

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے علی حیدر گیلانی سے متعلق ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے، اسکی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی سینیٹ انتخابات کے حوالے سے قائم کردہ ویجی لینس کمیٹی نے پی ٹی آئی رہنماء لیاقت جتوئی کے سینیٹ انتخابات کے ٹکٹ سے متعلق بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان سے دستاویزی ثبوت کی فراہمی کے لئے خط ارسال کرنے کا فیصلہ کرلیا ،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منگل کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے قائم کردہ ویجیلینس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس کی سربراہی محمد ارشد ،ڈائریکٹر جنرل(لائ) نے کی جس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان ،نیب ،ایف بی آر ،نادرا اور ایف آئی اے کے نمائندوں نے شرکت کی جو کہ ویجیلنس کمیٹی کے ممبر بھی ہیں ۔

ا جلاس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ سینیٹ انتخابات2021کو شفاف بنانے کے حوالے سے ایسے کون سے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے اس تاثر کا موثر انداز میں تدارک کیا جا سکے کہ انتخابات میں ووٹوں کی خریدوفروخت عمل میں آتی ہے۔ 

کمیٹی نے سابق رکن اسمبلی لیاقت جتوئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کا نوٹس لیا جس میں یہ کہا گیا کہ انتخابات میں سیف اللہ ابڑوکو مبینہ طور پر سینیٹ انتخابات کےلئے ٹکٹ 35کروڑ کے عوض دیا گیا ، کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ لیاقت علی جتوئی کو اس حوالے سے خط ارسال کیا جائے کہ وہ کمیٹی کو اس حوالے سے دستاویزی ثبوت فراہم کر یں تا کہ معاملے کو آگے بڑھایا جا سکے ۔ 

کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا کہ عوام الناس کو اس کمیٹی کے حوالے سے مطلع کیا جائے کہ تا کہ اگر کسی بھی فرد کے پاس سینیٹ انتخابات میں ووٹ دینے یا اس سے اجتناب کرنے کے عوض مالی یا کسی قسم کے فوائد حاصل کرنے کے حوالے سے کوئی معلومات مصدقہ ثبوت کے ساتھ موجود ہیں تو وہ کمیٹی کو مطلع کر سکے ۔

تازہ ترین