ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں ہونے والا ہے۔
اس ہائی وولٹیج میچ سے پہلے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کا بولنگ کروانے کا انداز خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
بھارتی بیٹرز عثمان طارق کے بولنگ کے منفرد انداز کی وجہ سے پریشان ہیں اس لیے اُنہوں نے نیٹ سیشن کے دوران پاکستانی اسپنر کے انداز کے بولرز کے سامنے پریکٹس بھی کی۔
یہاں تک کہ بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نیٹ میں ٹریننگ کے دوران اپنی ٹیم کے بیٹرز کے لیے خود اسپنر بن گئے اور عثمان طارق کے انداز میں بولنگ کرواتے نظر آئے۔
سوریا کمار یادیو کی پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے انداز میں بولنگ کرتے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
بھارتی کپتان نے عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن کے بارے میں اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ دیکھیں کبھی کبھی امتحان میں بھی کوئی سوال آتا ہے جو نصاب سے باہر ہوتا ہے اور ہم اس سوال کو چھوڑ نہیں سکتے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ایسے سوال کا جواب دینے کے لیے تھوڑی محنت کرنی پڑتی ہے اور اپنے حساب سے کوئی طریقہ اپنانا ہوتا ہے، اس لیے ہم بھی ایسی ہی کوشش کر رہے ہیں۔