بھارت کے شہر بھوپال کے نشاط پورہ علاقے میں ایک خالی پلاٹ کے سیپٹک ٹینک سے 33 سالہ خاتون کی سڑی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی شناخت سیا کے نام سے ہوئی ہے جو بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع گونڈیا کی رہائشی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاش ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو یہ بات سامنے آئی کہ خاتون کو اس کے سمیر نامی شادی شدہ محبوب نے گلا دبا کر مارا ہے۔
بھارتی پولیس کے مطابق تقریباً ایک سال پہلے سیا اور سمیر کا انسٹاگرام کے ذریعے رابطہ ہوا اور جلد ہی بات محبت میں بدل گئی اور 3 ماہ قبل محبت میں اندھی سیا اپنا گھر چھوڑ کر مہاراشٹر سے سمیر کے پاس آگئی۔
پولیس نے بتایا کہ سمیر پہلے سے شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ تھا اس لیے جب سیا اس کے گھر میں رہنے لگی تو گھر میں جھگڑے ہونے لگے۔
پولیس کے مطابق سیا اور سمیر کی بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے کیونکہ سمیر نے سیا سے کئی حقائق چھپائے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ سیا شادی کے لیے سمیر پر دباؤ ڈالنے کے ساتھ ساتھ 5 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کر رہی تھی اور انکار کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دے رہی تھی۔
پولیس کے مطابق جب صورتحال زیادہ خراب ہوگئی تو سمیر کی بیوی گھر چھوڑ کر جبل پور میں اپنے والدین کے گھر چلی گئی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ سمیر کی بیوی کے گھر چھوڑ کر جانے کے بعد سیا اور سمیر کے درمیان دوبارہ جھگڑا ہوا اور اس دوران غصے میں آ کر اس نے سیا کا گلا دبا دیا۔
پولیس کے مطابق سمیر نے سیا کا قتل کرنے کے بعد ثبوت مٹانے کے لیے مبینہ طور پر اپنے بھائی، ماں اور بہن سے مدد مانگی اور پھر لاش کو لوہے کے ڈبے کے اندر بند کر کے گھر کے قریب ایک خالی پلاٹ میں سیپٹک ٹینک میں پھینک دیا۔
پولیس نے بتایا کہ پلاٹ کے قریب کھیلنے والے بچوں نے ٹینک سے بدبو آنے کی شکایت کی تو ارد گرد کے رہائشیوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جب پولیس موقع پر پہنچی اور ٹینک کی تلاشی لی تو ٹینک کے اندر سے سیا کی سڑی ہوئی لاش ملی۔