• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر مسلم طلبہ کو انکی اپنی مذہبی اقدار پڑھائی جائینگی‘ شفقت محمود

اسلام آباد ( وقائع نگار) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ غیر مسلم اقلیتی طلبہ و طالبات کو اسلامیات کی بجائے انکے اپنے مذہبی اقدار کو پڑھایا جائے گا۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ مسیحی، ہندو، سکھ، بہائی مت اور کیلاش کمیونٹی کے لئے علیحدہ مضمون جو کہ ان مذاہب کے اکابرین اور سکالرز کی مشاورت و معاونت سے تیار کیا گیا ہے، پڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے یکساں تعلیمی نصاب پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پانچویں گریڈ تک انگلش، میتھیمیٹکس اور سائنس، انگریزی میں جبکہ اردو اور اسلامیات اردو میں پڑھائے جائیں گے۔ سوشل سٹڈیز اور جنرل نالج اردو میں جبکہ انگلش کی اصطلاحیں بھی ان مضامین میں شامل ہونگی۔ تاہم چھٹی سے آٹھویں کلاس تک انگلش اجزاء کا بتدریج اضافہ کیا جائے گا اور آٹھویں کے بعد طلبہ اپنی مرضی سے انٹرنیشل کوالیفیکیشن یا نیشنل کوالیفیکیشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پرائیویٹ پبلشرز کو کتابوں کی اشاعت کی اجازت دی گئی ہے اور صوبے اور نجی تعلیمی ادارے کوئی بھی کتاب پڑھا سکتے ہیں۔ تاہم وفاقی وزارت تعلیم نے اس ضمن میں دو باتوں کو یقینی بنایا ہے پہلی یہ کہ پرائیویٹ پبلشرز کی کتب ’’یکساں تعلیمی نصاب‘‘ سے ہم آہنگ ہونی چاہئیں اور دوسرا یہ کہ کسی بھی طبقہ ہائے فکر کے جذبات و احساسات کو مجروح کرنے والا یا کسی قسم کا نفرت انگیز مواد کتاب میں شامل نہ کیا گیا ہو۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ یکساں تعلیمی نصاب پر رائے دینا سب کا حق ہے‘ کئی مبصرین نے یکساں نصاب کو پڑھے بغیر اور اس کی جامعیت و افادیت کا مطالعہ کئے بنا اس پر تنقید بھی کی۔ وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ صوبوں اور نجی تعلیمی اداروں کو اضافی مواد پڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ایلیٹ پرائیویٹ سکولز میوزک اور ڈانس کی کلاسز دینے میں آزاد ہیں اسی طرح مدارس بھی اپنے درس نظامی کا اضافی مواد پڑھا سکتے ہیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ ملک بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے‘ کچھ مدارس کی طرف سے نئی تعلیمی بورڈز بنانے کا تقاضا تھا تو پانچ نئے بورڈز بھی بنائے گئے ہیں۔
تازہ ترین