• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کا بھی ووٹ مسترد ہوا، نوید قمر


سینیٹ انتخابات میں قومی اسمبلی میں اراکین کے ووٹوں میں وزیراعظم عمران خان کا ووٹ بھی مسترد ہوگیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نوید قمر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا ووٹ مسترد ہوگیا ہے۔

نوید قمر نے کہا کہ تین اراکین کے ووٹ مسترد ہوئے ہیں ان میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزرا شہریار آفریدی اور زرتاج گل شامل ہیں۔

خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر اپوزیشن نے حکومت کے خلاف اپ سیٹ کردیا۔

پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوگئے جبکہ حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی درخواست پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست کی گئی تھی۔

تاہم ووٹوں کی گنتی کے بعد ریٹرننگ افسر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کی کامیاب قرار دیا۔

جنرل نشست پر پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی کو 169 ووٹ ملے اور 5 ووٹوں کے فرق سے عبدالحفیظ شیخ کو 164 ووٹ لے سکے جبکہ 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں۔

خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد 174 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ حاصل کیے اور 5 ووٹ مسترد ہوئے۔

نتائج کا اعلان ہونے کے بعد یوسف رضا گیلانی نے گرم جوشی کے ساتھ اپنے حریف عبدالحفیظ شیخ سے ہاتھ ملایا اور دونوں ساتھ ہی بات چیت کرتے ہوئے ایوان سے باہر گئے۔

تازہ ترین