• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 22 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ ٹوٹل کا دفاع ہوگیا، ایونٹ کے 14ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 22 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان خان 81 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب نے 23 اور محمد نواز نے 20 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ فاف ڈوپلیسی اور اعظم خان نے 17، 17 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی ایک مرتبہ پھر کامیاب بولر رہے جنھوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

دیگر بولرز میں عمران طاہر 2 جبکہ محمد عمران اور سہیل خان ایک ایک وکٹ لے سکے۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے اچھا آغاز کیا جہاں اس کے اوپنرز جیمز وینس اور کپتان محمد رضوان نے 63 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

اس اسکور پر جیمز وینس  آؤٹ ہوئے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے میچ پر اپنی گرفت بنائی جو اختتامی لمحات تک برقرار رہی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 154 رنز ہی بناسکی۔

سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی 66 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو فتح نہیں دلوا سکی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد نے 3 جبکہ محمد حسنین اور زاہد محمود نے 2،2 اور ڈیل اسٹین اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لی۔

بہترین بولنگ پرفارمنس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قیس احمد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تازہ ترین