• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمیزون پرائم کی تانڈو میں متنازع مناظر دکھانے پر بھارتی عوام سے معذرت

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایمیزون پرائم‘ نے ویب سیریز تانڈو میں متنازع مواد دکھانے پر غیر معمولی طور پر بھارتی ناظرین سے معافی مانگ لی۔برطانوی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق ʼایمیزون پرائم ویڈیو اپولوجیزکے عنوان سے جاری بیان میں کمپنی نے کہا کہ وہ ان مخصوص مناظر پر معذرت خواہ ہے جن پر اعتراض کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایمیزون پرائم ان تمام افراد سے معذرت خواہ ہے جن کے جذبات ان مناظر سے مجروح ہوئے۔مزید کہا گیا کہ کمپنی ناظرین کی متنوع ثقافتوں اور عقائد کا احترام کرتے ہوئے مواد کی تیاری کا عمل جاری رکھے گی۔ایمیزون پرائم کی معافی سے متعلق بھارت کے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکام معاملے کی تحقیقات جاری رکھیں گے۔خیال رہے کہ ’تانڈو‘ میں شامل متنازع مواد پر حکمران جماعت ’بھارتیہ جنتا پارٹی‘ (بی جے پی) کے ارکان سمیت دیگر افراد نے ’تانڈو‘ کی ٹیم کے خلاف توہین مذہب کے تحت متعدد پولیس تھانوں میں درخواستیں دی تھیں۔لوگوں کی جانب سے ’تانڈو‘ سیریز کے ایک سین پر اعتراض کرنے کے بعد ’تانڈو‘ کی ٹیم نے عوام سے معافی بھی مانگی تھی اور مذکورہ سین کو ہٹانے کا اعلان بھی کیا تھا۔لوگوں نے ’تانڈو‘ کے ایک سین پر اعتراض کیا تھا، جس میں اداکار ذیشان ایوب کو اسٹیج پرفارمنس کے دوران ہندو دیوتا ’شیو‘ کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔مذکورہ سین میں اداکار نے ’شیو‘ بن کر کچھ نامناسب جملے ادا کیے تھے، جس پر ہندو مذہب کے پیروکاروں نے احتجاج کیا اور مذکورہ سین کو ہندو مذہب اور دیوتاؤن کی توہین قرار دیا تھا۔بعدازاں بھارتی پولیس نے اسٹریمنگ ویب سائٹ ’ایمیزون پرائم‘ کی اعلیٰ بھارتی عہدیدار سے پولیٹیکل تھرلر ویب سیریز ’تانڈو‘ میں متنازع مواد دکھانے پر تقریبا 4 گھنٹے تک تفتیش کی تھی۔’تانڈو‘ کو جنوری میں ریلیز کیا گیا تھا، یہ سیریز پولیٹیکل تھرلر سیریز ہے، جس میں سیف علی خان، ذیشان ایوب اور ڈمپل کپاڈیا سمیت دیگر اداکاروں نے کردار ادا کیے تھے جب کہ اس کی ہدایات مسلمان ہدایت کار علی عباس ظفر نے دی تھی۔

تازہ ترین