• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2020 میں برطانوی شہریوں نے گروسری پر15.2 بلین پونڈز زائد خرچ کئے

لندن(پی اے ) نئے اعدادوشمار سے ظاہرہوتاہے کہ گزشتہ سال کورونا وائرس کی وجہ سے شراب خانوں پبس،ریسٹورنٹس اور دیگر مقامات کی بندش اور پابندیوں کی وجہ سے برطانوی شہریوں نے گروسری کی خریدار پر معمول سے 15.2 بلین پونڈ زیادہ خرچ کئے، گروسری سے متعلق کنتار کے ڈیٹا سے ظاہرہوتاہے کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران کورونا وائرس کے بحران کے سبب ہر گھرانے نے گروسری پر اوسطاً 4,800 پونڈ خرچ کئے جو کہ معمول کے دنوں کے مقابلے میں 500 پونڈ زیادہ ہے ،رپورٹ کے مطابق سپرمارکیٹس کوکھلی رکھنے کی اجازت دئے جانے کے سبب کورونا وائرس کی پابندیوں کے دوران سپر مارکیٹس کاکاروبار چمکتا رہا۔اعدادوشمار سے ظاہرہوتاہے کہ 21فروری کو ختم ہونے والے 12ہفتوں کے دوران سپرمارکیٹس کی فروخت میں12.5 فیصد کااضافہ ہوا جو کہ جون 2020 کے بعد سب سے زیادہ اضافہ تھا،ٹیسکو اس حوالے سے سب پر بازی لے گیا اور اس نےدسمبر2016 کے بعد سے سب سے زیادہ فروخت کا ریکارڈ قائم کیا اس کی فروخت میں 27.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ ایک سال قبل اس اضافے کی شرح 13.2 فیصد تھی۔اعدادوشمار کے مطابق صرف گروسری کی آئن لائن فروخت میں 21 فروری کو ختم ہونے والے 4 ہفتوں کے دوران 15.4 فی صد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال اس اضافے کی شرح 8.7 فیصد تھی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مہینے کے دوران کم وبیش 25 فیصد گھرانوں نے آن لائن گروسری خریدی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال برطانوی شہریوں نے 2بلین کپ زیادہ چائے پی۔تاہم ماہرین کاکہناہے کہ اگلے ماہ لاک ڈائون کو ایک سال مکمل ہوجانے کے بعد اب سال بہ سال گروسری کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی ،کنتار کے مطابق ہوٹل اور دیگر مقامات کھل جانے کے بعد گروسری کی طلب میں بھی کمی ہوجائے گی ،اعدادوشمار سے ظاہرہوتاہے کہ برطانوی شہریوں نے گزشتہ مہینے ویلنٹائن ڈے بھی منایا اور 3.8 ملین گھرانوں نے 14 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران چاکلیٹ کے بکس خریدے ۔ اس طرح چاکلیٹ خریدنے والوں کی شرح میں 18 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا،پان کیک ڈے کے موقع پر میدے اور چاکلیٹ اسپریڈ کی فروخت میں 50 فیصد اور شربتوں کی خریداری میں 86فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
تازہ ترین