• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر سے لاپتہ لڑکی کی جھنگ پہنچ کر مذہبی عالم سے شادی

ٹنڈو باگو (نامہ نگار) ٹنڈو باگو کے نوآباد محلےکی رہائشی 17سالہ شگفتہ لغاری جو دو ہفتے قبل اپنے گھر سے لاپتہ ہوگئی تھی نے پنجاب کے شہر جھنگ پہنچ کر ایک شخص سے شادی کرلی۔ شگفتہ لغاری جو گیارہویں جماعت کی طالبہ ہیں جھنگ کے رہائشی ایک مذہبی عالم سے آن لائن قرآن کی تعلیم حاصل کرتی تھیں بتایا جاتا ہے کہ مبینہ طورپراس شخص نےطالبہ کو ورغلا کر جھنگ بلایا اور طالبہ سے شادی کرلی۔ ٹنڈو باگو تھانے کے ایس ایچ اومحمود خان یوسف زئی نے طالبہ شگفتہ لغاری کی جھنگ کے رہائشی سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو بذریعہ ٹی سی ایس طالبہ اور امیر معاویہ کا نکاح نامہ اور دیگر اسناد موصول ہوئی ہیں یہ بھی شواہد ملے ہیں کہ 20 فروری کو گھر سے لاپتہ ہونے سے قبل شگفتہ نے ٹنڈو باگو کے ایک نوجوان کو اللہ کی راہ میں جہاد کرنے کے ٹیکسٹ میسیج کئے تھے اس سلسلے میں شگفتہ لغاری کے چچا امان اللہ لغاری نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی بھتیجی نے کی شادی کی اطلاع ملنے کے بعد وہ بذات خود جھنگ گئے تھے اور امیر معاویہ کے نکاح نامے میں درج پتے گئے تھے تاہم پتے والے گھر پر تالا لگا ہوا تھا دوسری جانب سوشل میڈیا پر شگفتہ لغاری کی مذہبی شخص سے جھنگ میں جا کر شادی کی خبروں کے بعد ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ٹنڈو باگو محمود خان یوسف زئی کو تحقیقات کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

تازہ ترین