• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی اداروں میں کلیدی عہدوں پر عرصے سے قائم مقام جونیئر افسران کی تعیناتیاں

کراچی (اسد ابن حسن) وفاقی حکومت کے ماتحت تین اہم اداروں میں جونیئر افسران کو بطور قائم مقام کلیدی عہدوں پر مہینوں سے تعینات کیا گیا ہے جبکہ ان اداروں میں سینئر افسران موجود ہیں مگر ان کو سائڈ لائن کیا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایسا اس لیے کیا جاتا ہے کہ جونیئر افسران کو دباؤ میں رکھ کر ان سے اعلیٰ عہدہ اور اضافی الاؤنس واپس لیے جاسکتے ہیں، ان سے من پسند اور غیرقانونی کام کروائے جاسکیں۔ یہ ادارے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) ہیں۔ اس حوالے سے ای او بی آئی کے ترجمان نعیم شوکت نے 17افسران کی ایڈہاک کے بجائے قائم مقام بنیادوں پر تعیناتی کی تصدیق کی۔ پی سی اے اے کے ترجمان سعد بن ایوب نے افسران کی تعداد اور نام بتانے سے گریز کیا اور یہی صورتحال ایف آئی اے کی بھی رہی۔ ایف آئی اے سندھ زون میں پانچ اہم سرکلز میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بطور سرکل انچارجز مہینوں سے بطور قائم مقام تعینات ہیں۔ ان میں کارپوریٹ کرائم سرکل کے عبدالرؤف شیخ، کمرشل بینک سرکل کے فہد خواجہ، سی پورٹ کے سعید میمن، اسٹیٹ بینک سرکل کے سراج الدین پنہور اور کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے محمداقبال شامل ہیں۔ اسی طرح ای او بی آئی میں 11ڈائریکٹر بطور قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور 6 ڈپٹی ڈائریکٹر بطور قائم مقام ڈائریکٹر تعینات ہیں۔ ان میں خالد نواز، سجاد احمد، نزہت اقبال، مراتب علی ڈوگر، علی متقی شاہ، محمد طاہر فاروق، غلام محمد، ذوالفقار علی گریوال، محمد ایوب خان، عاصمہ عامر، حافظ محمد ثاقب بٹ، نعیم شوکت قائم خانی، محمد صلاح الدین، محمد اجمل خان، بلال عظمت خان، ثاقب حسین، محمد شفیق، شکیل احمد، اشفاق عالم، عامر جاوید، محمد ندیم اقبال، نیرمل عرف نام دیو، حارث مقصود، جاوید شیخ، قدیر احمد اور سخن الیاس شامل ہیں۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی میں تین ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے پاس اضافی چارج ہیں۔ پانچ اہم عہدوں ڈائریکٹر ایئر ڈیفنس، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس، ڈائریکٹر اے پی ایس، ڈائریکٹر انجینئرنگ اور ڈائریکٹر آپریشن کے عہدوں پر قائم مقام جونیئر افسران تعینات ہیں۔ نادر شفیع ڈار ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ریگولیٹری کے پاس اضافی چارج ہے۔ اسلام آباد، علامہ اقبال اور جناح ایئرپورٹس ڈائریکٹر کے عہدوں پر جونیئر افسران تعینات ہیں۔ شعبہ فلائٹ سروسز پر ایڈہاک بنیادوں پر انسپکٹر تعینات ہیں۔

تازہ ترین