• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا پی ایس ایل کو کھا گیا، غیرمعینہ مدت کیلئے موخر

کورونا پی ایس ایل کو کھا گیا، غیرمعینہ مدت کیلئے موخر


کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) کھلاڑیوں کی جانب سے کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں کورونا ایس اوپیز کی سنگین خلاف ورزیوں اور 3مزید کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا ہے،تینوں کھلاڑی اب 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

پی سی بی کاکہناہےکہ تحقیقات کرینگے،کب کہاں کیا غلط ہوا، نئی ونڈو تلاش کرکے ایونٹ مکمل کرائینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی ،حسین طلعت اور لاہور قلندرز کے ٹام ایبل کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے،اس طرح پی ایس ایل میں 7کھلاڑیوں اور ایک آفیشل کاکورونا ٹیسٹ مثبت آگیاہے۔

جمعرات کو وسیم خان نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے پراجیکٹ ہیڈ بابر حمید اور ڈائر یکٹر میڈیکل ڈاکٹر سہیل سلیم کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ تصدیق کرتا ہوں کہ پاکستان سپر لیگ کو نئی تاریخوں تک ملتوی کیا جاتا ہے، ہمارے لئے یہ بڑی مایوسی کی بات ہے کہ جو ہمیں کرنا تھا وہ نہ کرسکے، آج اجلاس میں اس بات پر سب متفق تھے کہ لیگ کو ملتوی کیا جائے اس وقت مالی نقصان سے زیادہ اہمیت پی ایس ایل کا ملتوی ہونا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ایک مشکل دن ہے لیکن یہ وقت الزامات لگانے کا نہیں، ناراض فرنچائز مالکان سے بات کریں گے، کھلاڑیوں کا کورونا میں مبتلا ہونا ہر کسی کیلئے تشویش کی بات تھی، ہماری ذمے داری تھی کہ پلیئرز کی صحت کیلئے بہترین حفاظتی اقدامات کریں اور اب اولین ترجیح یہ ہے کہ کھلاڑیوںکو صحتمند اندازمیں گھر بھجوائیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ سب کابہت نقصان ہوا ہے، فرنچائز نے بہت سارے پیسے لگائے ہر کسی کا وقت لگا، کوئی بھی کام کامیاب اس وقت ہوتا ہے جب ہر کوئی ایک پیج پر ہو، اعتماد کو قائم کرنا ضروری ہے، اعتماد متاثر ہوا، دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کیلئے ہمیں محنت کرنا ہوگی، بائِیو سیکور ببل اور ایس او پیز پر عمل سب کی ذمہ داری تھی۔

پی ایس ایل کوویڈ مسائل کی وجہ سے ملتوی کرنا ضروری تھا، جس ہوٹل میں ٹیمیں ٹھہری ہیں وہاں بائیو سکیور ببل اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا گیا اور ایک کرکٹر کی برتھ ڈے پارٹی ہوئی جس پر باہر سے کھانے منگوائے گئے،کھلاڑیوں کو بار بار وارننگ دی گئی لیکن کسی نے ہدایت پر عمل درآمد کرنے کی کوشش نہیں کی۔

پی سی بی اب فوری طور پر تمام چھ ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔ اطلاعات کے مطابق کراچی کنگز کے آل راؤنڈر ڈین کرسٹین دوپہر 12 بجے کی فلائٹ سے براستہ دبئی آسٹریلیا روانہ ہوگئے۔

تازہ ترین