کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لڑائی آصف زرداری نے لڑی میرا قیاس ہے حکومت کو پیسے لینے والے ایم این ایز کے نام پتا ہیں،تمام ووٹوں کی خرید و فروخت آصف زرداری نے کی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی شخص کو پیسے نہیں دیئے دوسروں کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا،پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ووٹ خریدے تو پی ٹی آئی کی خاتون رکن کو کیوں ووٹ پڑ گئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد ملکی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے، سیاست کا منظرنامہ بدل گیا ہے، وزیراعظم نے ہفتے کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کیا ہے مگر سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا عمران خان 172 اراکین کی حمایت حاصل کرسکیں گے، قومی اسمبلی میں حکومت اور اتحادیوں کی تعداد تو 180ہے مگر سینیٹ انتخابات میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو 164ملے جبکہ خواتین کی نشست پر فوزیہ ارشد کو 174ووٹ پڑے، سینیٹ الیکشن سیکرٹ بیلٹ کے ذریعہ ہوا جبکہ وزیراعظم اعتماد کا ووٹ اوپن بیلٹ کے ذریعہ لیں گے، اپوزیشن دعویٰ کررہی ہے کہ حکومت سے ناراض اراکین کی تعداد زیادہ ہے، وزیراعظم نے آج قوم سے خطاب میں اپوزیشن پر تو تنقید کی مگرساتھ ہی سینیٹ انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کو چارج شیٹ کیا اور کہا کہ آپ نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے آج پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں سب سے پہلے پنجاب کو بچانا چاہئے، وزیراعظم نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اقتدار رہے نہ رہے مگر اپوزیشن کو نہیں چھوڑیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے زبردست خطاب کیا قوم کے سامنے تمام باتیں کھول کر رکھ دی ہیں،وزیراعظم نے آرٹیکل 91شق 7کے تحت خود کو اسمبلی کے سامنے پیش کردیا ہے، اس کے بعد اگلے چھ ماہ تک کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آسکے گی، امید ہے ہفتے کو وزیراعظم 174 ووٹ حاصل کرلیں گے، ارکان اسمبلی کو وزیراعظم قبول نہیں تو ہفتے کو کابینہ ختم ہوجائے گی، جبکہ عمران خان نئے وزیراعظم کے ٹیک اوور کرنے تک کام کریں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے ان کے لانگ مارچ کا انتظار کریں گے،یہ لڑائی آصف زرداری نے لڑی ہے ن لیگ ویسے ہی خوش ہورہی ہے، ن لیگ کے لوگوں نے ووٹ دیئے ہوں گے لیکن سرمایہ کاری آصف زرداری کی ہے، تمام ووٹوں کی خرید و فروخت ایک شخص نے کی ہے اس کا نام آصف زرداری ہے، میرا قیاس ہے کہ حکومت کو پیسے لینے والے ایم این ایز کے نام پتا ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن مرکز کی طرف کوئی چڑھائی نہیں کرے گی، پی ڈی ایم کا دباؤ اب پنجاب کی طرف بڑھے گا، امید ہے چوہدری برادران عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونگے، وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو ہی پی ٹی آئی کی طرف سے اگلا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ غیرملکی طاقتیں بلوچستان کے ٹربل میکرز اور ٹی ٹی پی سمیت پاکستان دشمنوں پر پیسہ لگاسکتی ہیں، جس ملک میں پارلیمان کی سطح پر بکنے والا عنصر موجود ہوتو قومی سلامتی پر بڑے سوالیہ نشان آجاتے ہیں، دنیا کی بڑی طاقتیں پاکستان میں انتشار اور خلفشا چاہتی ہیں، منتخب نمائندوں کی سطح پر منڈیاں لگیں اور کیش گروپ جیت جائے تو یہ معاشرے کا افسوسناک پہلو ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان میں کرپشن ختم کرنے کا جوش اور ولولہ ہے، حکومت اور اپوزیشن سیکرٹ بیلٹ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو اپنے اپنے زاویہ سے دیکھ رہی ہیں، ن لیگ سے ش لیگ نکلنے کیلئے ماحول موجود ہے اسے مزید سازگار ہونا ضروری ہے، پی ٹی آئی کا کوئی ایم این اے ن لیگ کے ٹکٹ کے وعدے پر نہیں بکا ہے، ٹکٹ لینے والے وقت آنے پر پیسے دے کر بھی ٹکٹ لے لیتے ہیں، ان ارکان کو آصف زرداری کے لوگوں نے خریدا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن ابھی دور ہیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر الیکشن نہیں لڑیں گی، پیپلز پارٹی کو میڈیا اور دوسری جگہوں پر مارجن مل گیا ہے، اسلام آباد میں اپ سیٹ کی وجہ سے بلاول بھٹو کو زیادہ کوریج مل رہی ہے، سینیٹ الیکشن میں ادارے غیرجانبدار رہے ہیں، وزیراعظم کی آج اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کا سینیٹ الیکشن یا اعتماد کے ووٹ سے تعلق نہیں تھا، آرمی چیف جنرل باجوہ اور جنرل فیض ملک کی فکر کرتے ہیں، پاکستان کی عظیم فوج اور ایجنسیوں کے بارے میں باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے، اگر پاک فوج نہ ہو تو پاکستان کا حال بھی لیبیا، شام اور لبنان جیسا ہو۔