کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پنک پاکستان ٹرسٹ نے خواتین میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے لوگوں کوآگاہی فراہم کرنے اور چھاتی کے کینسر کے مریضوں کو پاکستان میں مفت علاج کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پہلی ڈیجیٹل ایپلی کیشن لانچ کردی ہے۔ اس ایپلی کیشن کے کام کرنے کے لیے انٹرنیٹ کنکشن کی بھی ضرورت نہیں کیوں کہ اس کی خصوصیات کو کالنگ سروس کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ مقامی زبانوں میں ایپ تک رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ صدر پنک پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر زبیدہ قاضی کے مطابق یہ ایپلی کیشن خواتین میں بیماری کے بارے میں انتہائی ضروری شعور پیدا کرے گی اور خواتین کو باقاعدگی سے اور آسانی سے چھاتی کے کینسر کا خودپتہ لگانے میں میں مدد دے گی۔انہوں نے کہا کہ چھاتی کے کینسر کی ایک عام علامت چھاتی میں گانٹھ کا بن جانا ہے جو وقت کے ساتھ بڑھتی ہے اور مریض کو تکلیف دیتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں خواتین شرم اور جھجک کی وجہ سے وہ اپنے گھر میں اس بارے میں بات نہیں کرتیں۔ چھاتی کے کینسر کی دیر سے تشخیص کے سبب ہزاروں خواتین اپنی زندگیاں گنوا رہی ہیں ۔اس ایپ سے خواتین کے زریعے خواتین کو خود اس امر کی جانچ پڑتال کرنے میں مدد ملے گی اور وہ جلد ہی بیماری کی تشخیص کرنے اور اس کے بڑھنے کی امکانات کو شکست دینے کے قابل ہوجائیں گی، اس فیچر کو استعمال کرنا بے حد آسان ہے اور پورے عمل کی مرحلہ وار ویڈیو بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ خواتین باآسانی اس کو سمجھ سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کی ایک اہم خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ اردو اور انگریزی کے علاوہ بڑی مقامی زبانوں میں بھی دستیاب کی گئی ہے جس میں سندھی ، پنجابی ، بلوچی اور پشتو شامل ہیں ، تاکہ اس ایپ میں اس مرض سے متعلق معلومات تک معاشرے میں متاثر خواتین کو رسائی حاصل ہو۔ماہرین امراضِ برسٹ کینسر نے بھی گلابی پاکستان ایپلیکیشن کو بہترین پلیٹ فارم قرار دیا ہے جہاں ملک بھرے کے ان اہل، تجربہ کار ڈاکٹروں اور معالجین کو جمع کیا گیا جو اس بیماری کے خلاف جنگ میں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔پنک پاکستان ٹرسٹ پاکستانی خواتین کی صحت و بہبود کو یقینی بنانے کے مشن کے لئے پرعزم ہے۔