• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد واقعہ، حکمرانوں کا رویہ انکے پاؤں کی بیڑی بنے گا، حمزہ شہباز

لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر حمزہ شہباز شریف نےاسلام آباد واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کارویہ انکے پائوں کی بیڑی بنے گا،ہر جگہ چور ڈاکو کی رٹ سننے کو ملتی ہے،میں نے بطور سیاستدان گالم گلوچ کاایسا کلچر پہلےکبھی نہیں دیکھا،پونے 3 سال اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگا کر بھی مہنگائی عروج پراورلاکھوں افراد بیروزگار ہیں،پی ٹی آئی کے لوگ حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے اپنے حلقوں میں جانے سے گریزاں ہیں ۔ کوٹ لکھپت جیل میں اپنے والد شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ آج ادویات ملتی ہیں اور نہ مفت ڈائیلاسز ہو رہے ہیں ،آج ملک میں کپاس اور گندم،گنا کی پیداوارکم ترین سطح پرآ چکی ہے،حکمرانوں نے پونے 3 سال کھیل تماشے میں گزار دئیے۔انہوں نے کہا کہ نوشہرہ،ڈسکہ اور وزیرآباد کے ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں،عوام نے ان کے رویے کی وجہ سے ووٹ نہیں ڈالے، حکمرانوں کایہی رویہ ان کے پائوں کی بیڑی بنے گا،شہباز شریف کو کمر کی تکلیف تھی لیکن ان کو راتوں رات اسلام آباد سے واپس لایا گیایہ انتقام ہے،ہماری گرفتاریوں سے انہیں کوئی فائدہ ہوا؟یوسف رضا گیلانی کی جیت عوام کے غم و غصے کا اظہار ہے،اراکین نے یوسف رضا گیلانی کوووٹ دے کر عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ، کئی لوگ کہتے تھے کہ چکن کا ریٹ حمزہ شہباز نکالتا ہے ،بتائیں میں دو سال جیل سے چکن کا ریٹ بڑھاتا رہا؟نااہل حکمرانوں سے ملک نہیں چلتا تو چھوڑ کیوں نہیں دیتے؟ انہیں کچھ کرنا ہوگا یا گھر جانا ہوگا،معیشت کا بھٹہ بیٹھ چکا ،کارخانے بند اورمزدور بے روزگار ہیں،معیشت کی گروتھ صفر اعشاریہ صفر ہوچکی ہے ، حکمرانوں کے اپوزیشن کے خلاف رویے کو قوم حقارت کی نظر سے دیکھتی ہے ،اگر انہوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو سسٹم اور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

تازہ ترین