• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی گیلانی ویڈیو‘دومرکزی کردار PTIکے MNA سامنے آگئے


اسلام آباد (ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)علی حیدر گیلانی ویڈیو اسکینڈل میں شامل دومرکزی کردار تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی منظر عام پر آ گئے۔وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی جمیل احمد اور فہیم خان نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کی خدمات کا اعتراف کیا ذرائع کے مطابق عمران خان نے دونوں ارکان کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر دونوں ارکان نے تصویر بھی بنوائی ‘ بعدا زاں پارلیمنٹ راہداری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمیل احمد اور فہیم خان کا کہناتھاکہ ہم دونوں علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود تھے‘فہیم خان نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے ساتھ ہیں، ہم ان کے سپاہی ہیں، ہمیں مرتے دم تک عمران خان اور پاکستان کے ساتھ ہیں، صحافیوں کی جانب سے سوال کیا گیا کہ علی گیلانی کے ساتھ اسٹنگ آپریشن کا کس نے کہا تھا، اس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا موقف اس پر جلد آ جائے گا۔ اس موقع پرجمیل احمد نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے ورکرز ہیں، تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہیں، عمران خان کو ہم پر اعتماد ہے اور علی گیلانی کے ساتھ ویڈیو کسی کے کہنے پر نہیں بنائی۔ صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ لوگوں نے علی گیلانی سے پیسے لے لئے ہیں، اس پر جمیل احمد نے کہا کہ ہم نے کسی سے بھی پیسے نہیں لئے ہیں اگر پیسے لئے ہوتے تو وزیراعظم سے کیوں ملاقات کرتے جبکہ یوسف رضا گیلانی کی جانب سے بہت سے لوگوں کو بہت سی آفرز ہوئیں، جس کا سب کو جلد پتہ لگ جائے گا۔ فہیم خان نے کہا کہ جو پیسے لیتا ہے وہ وزیراعظم سے ملنے نہیں آتا۔الیکشن کمیشن بلائے گا ہم ضرور جائیں گے، ہمارا دامن صاف ہے۔

تازہ ترین