• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزرگوں کو 10 مارچ سے کورونا ویکسین لگے گی: اسد عمر

وفاقی وزیر اسد عمر نے بتا دیا کہ ملک میں بزرگ افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین کب سے دی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ 60 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا سلسلہ 10 مارچ سے شروع ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ زیادہ عمر کے رجسٹرڈ افراد کو ویکسین پہلے لگائی جائے گی، جبکہ اس سے متعلق تفصیلات کل جاری کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 30 سے 31 ویں نمبر پر آ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 780 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 39 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 1 ہزار 38 مریض شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 205 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 90 ہزار 508 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 38 ہزار 887 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 92 لاکھ 12 ہزار 480 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 18 ہزار 55 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 595 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 5 لاکھ 59 ہزار 248 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین