• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین شاہ آفریدی کا شاہد آفریدی کی نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ


پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی  نے شاہد آفریدی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں شکریہ ادا کیا۔

فاسٹ بولر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ لالا! دعاؤں کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اللّٰہ تعالی سب کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔

فاسٹ بولر نے شاہد آفریدی کے بارے میں  لکھا کہ آپ قوم کا فخر ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی سے بیٹی کا رشتے ہونے کی خبروں سے متعلق اپنا موقف دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے بیٹی کا رشتہ مانگنے کی تصدیق کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کے خاندان نے میری بیٹی کا رشتہ مانگا ہے، دونوں خاندان رابطے میں ہیں۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ رشتے آسمانوں پر بنتے ہیں، اللّٰہ کی مرضی ہوئی تو یہ رشتہ طے ہوجائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کی کرکٹ کے میدان میں تسلسل سے کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

اس سے قبل شاہد آفریدی خاندانی ذرائع نے شاہین آفریدی سے بیٹی کی منگنی سے متعلق موقف دیا تھا اور شاہین شاہ آفریدی کی فیملی کی طرف سے رشتے مانگنے کی تصدیق کی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ابھی بیٹی پڑھ رہی ہے اور شاہین بھی کرکٹ میں مصروف ہے، دو سال بعد منگنی اور شادی ایک ساتھ ہوگی۔

شاہین شاہ آفریدی کے والد ایاز خان نے میڈیا کو سب سے پہلے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگنے کی خبر دی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد خان آفریدی کی بیٹی کی منگنی جلد طے پا جائے گی۔

تازہ ترین