اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چیف جسٹس بلاک پر حملے اور توڑ پھوڑ کے کیس میں خالد محمود ایڈووکیٹ کیخلاف توہین عدالت کیس سماعت کیلئے واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے، گزشتہ روز جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نامزد خالد محمود ایڈووکیٹ کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی، اس موقع پر خالدمحمودکے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ واقعہ میں خالد محمود ایڈووکیٹ کو نامزد کیا گیا جو ہائیکورٹ بار کے ممبر ہیں تاہم پولیس نے پیمرا ملازم خالد محمود کو گرفتار کر لیا جو اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے ممبر نہیں ہیں، میرے موکل کا واقعے سے کوئی تعلق نہیں ، توہین عدالت کا نوٹس بھی غلط جاری ہوا ہے اس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ کیس کو مناسب حکم کیلئے چیف جسٹس کے پاس بھجوا دیتے ہیں۔