لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان ،ایران اور ترکی کے درمیان اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ای سی او ) ٹرین کے افتتاح اور روانگی میں تاخیر کے حوالے سے ریلوے حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹرین کی4مارچ کو روانگی کسی غفلت کے باعث نہیں بلکہ بعض ٹیکنیکل وجوہات کی بناء پر منسوخ کی گئی تھی. اب رواں ماہ کے تیسرے ہفتے ہی ٹرین کی استنبول سے براستہ ایران اسلام آباد روانگی ممکن بنائی جائے گی. ریلوے ترجمان کے مطابق کنٹینر ٹرین پر استنبول سے پاکستان کے لئے 26سے زائد کنٹینرز ایک ہی پارٹی نے بک کروائے ہیں ،ٹرین کی روانگی کی منسوخی کی ایک وجہ کسٹم کلیرنگ ایجنٹس کی بروقت سلیکشن نہ ہونا بھی ہے. پہلی ٹرین ترکی کے شہر استنبول ریلوے ڈرائی پورٹ سے ایران کے لئے روانہ کی گئی جو ترکی میں 1950کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے ایران میں داخل ہو گی اور ایران میں 2600کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد زاہدان کے راستے پاکستان میں داخل ہو گی اور زاہدان سے اسلام آباد تک 1990کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے اسلام آباد ڈرائی پورٹ پہنچے گی. کارگو ٹرین استنبول سے پاکستان کا سفر 13 سے 14دن میں طے گرے گی. مجموعی فاصلہ 6500کلو میٹر بنتا ہے۔