ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال نے چیمبر سے خطاب کو خود کو فرشتہ سمجھنے کی تقریب بنا لیا۔
انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کھول کر دیکھ لیں تو پتہ چل جائے گا کہ ان کے دور میں کراچی کتنا خطرناک اور خوفناک شہر تھا۔
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کی بدولت جمہوریت مضبوط ہے اور ہر صوبہ بہتر کارکردگی دکھانے کی پوزیشن میں ہے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد ہی صوبہ سندھ میں صحت کی انقلابی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کا نظام بھی سندھ میں بہتر ہے، پرانے فنانس کمیشن کے تحت ملنے والے فنڈز پورے سندھ میں یکساں خرچ ہوتے ہیں، سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے بھی کراچی میں چل رہے ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ جنہوں نے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا، وہ کس منہ سے مقامی حکومتوں کی بات کر رہے ہیں؟ پیٹرول پمپ اور شادی ہالز کا ذکر تو کر لیا، مگر جو ان کے دور میں بنے، ان کا نام بھی لے لیتے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کراچی کو اس نہج تک پہنچانے والے بھی آج رو رہے ہیں، پیپلز پارٹی اپنے کام اور خدمت سے شہر کو بہتر بنا رہی ہے اور کراچی کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں۔