کراچی(نیوز ایجنسیاں)پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر شبلی فراز کا بیان غیر پارلیمانی ہے، سپریم کورٹ نوٹس لے، سعید غنی نے کہا کہ حکومت کے پاس نمبرپورے نہیں ہیں وہ اپنا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نہیں بنا سکتے،جبکہ مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی شفافیت پر یقین نہیں رکھتی۔ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کا مطالبہ کرنے والے سینیٹ چیئرمین کا الیکشن کس حیثیت سے لڑ رہے ہیں۔سینیٹ میں حکومتی اراکین کی تعداد اپوزیشن سے کم ہے، تحریک انصاف شفافیت پر یقین نہیں رکھتی،شبلی فرازکہہ رہے ہیںکہ وہ سینیٹ چیئرمین کی سیٹ کیلئے ہر حربہ استعمال کرینگے، الیکشن کمیشن کو شبلی فراز کے اس بیان کا نوٹس لینا چاہئے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمہوری عمل میں ملاقاتیں سب سے ہوسکتی ہیں ایم کیو ایم سے سینیٹ چیئرمین کے لیے ووٹ مانگنے گئے تھے مگر قلابازیاں تو پی ٹی آئی کے لوگ کھا رہے ہیں۔