• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر ٹک ٹاک پر پی ٹی اے نے پابندی لگادی


اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پشاور ہائی کورٹ کے احکام کی تعمیل کرتے ہوئے ملک میں ایک بار پھر ٹک ٹاک ایپ پر پابندی عائد کردی.

ترجمان ٹک ٹاک کے مطابق غیر مناسب مواد فعال انداز میں ہٹایا جاتا ہے،حکام کیساتھ مل کر کسی حل پر پہنچ سکتے ہیں،پی ٹی اے کے مطابق ملک میں انٹر نیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو فوری طور پر ٹک ٹاک ایپ تک رسائی روکنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں.

دریں اثناء پی ٹی اے نے پشاور ہائی کورٹ میں لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی اے کی جانب سے دیئے گئے بیان کی وضاحت کی ہے.

ٹوئٹر پر جاری بیان میں پی ٹی اےکا کہنا ہے بعض میڈیا اداروں میں خبر چل رہی ہے کہ پی ٹی اے کے ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا ہےکہ ٹک ٹاک کے عہدیداروں کو (غیر اخلاقی مواد ) کے حوالے سے درخواست دی گئی ہے لیکن مثبت جواب نہیں آیا۔

دوسری طرف لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کی ٹرانسپیرنسی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فعال انداز میں غیر مناسب مواد کو ہٹایا جاتا ہے،شفافیت کا طرز عمل پاکستانی قوانین کی پاسداری کےحوالے سے ٹک ٹاک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ہمیں یقین ہے کہ حکام کے ساتھ مل کرہم ایک ایسے حل پر پہنچ سکتے ہیں جس کے نتیجے میں ٹِک ٹاک پاکستان میں لاکھوں صارفین کی خدمت جاری رکھ سکے گی۔

پشاور سے نمائندہ جنگ کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصررشید خان کی سربراہی میں قائم بنچ نے ٹک ٹاک ایپلیکیشن فی الفور بند کرنے کاحکم دیدیا اور متنبہ کیاہے کہ اگر 14روزکے اندرٹک ٹاک انتظامیہ نے پی ٹی اے اورایف آئی اے حکام کیساتھ تعاون نہ کیاتو اسے مستقل طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کریں گے فاضل چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ٹک ٹاک پرغیراخلاقی ویڈیوز کی روک تھام کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے۔ 

چیف جسٹس قیصررشید نے ریمارکس دیئے کہ ٹک ٹاک پر جو ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں ، ہمارے معاشرے کو قابل قبول نہیں ہے۔ ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے اس کو فوری طورپر بند کیا جائے ۔

تازہ ترین